جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

وارنٹ لائیں، ذہنی طور پر جیل میں جانے کیلئے تیار ہوں : عمران خان

09 مئی, 2023 13:00

لاہور : پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا ہے کہ میرے خلاف اگر وارنٹ ہیں تو میرے پاس آئیں، میں خود جیل جاؤں گا، ذہنی طور پر جیل میں جانے کیلئے تیار ہوں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے لیئے نکلنے سے قبل جاری کیئے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پھر سے میری عدالت میں پیشیاں ہیں۔ سب سے پہلے آئی ایس پی آر نے بیان دیا کہ فوج کی توہین کر دی۔

انہوں نے اپنا الزام دہرایا کہ انٹیلی جنس آفسر نے 2 بار مجھے قتل کرنے کی کوشش کی۔ عزت صرف ایک ادارے کی نہیں بلکہ قوم کے ہر شہری کی ہونی چاہیئے۔ اس وقت قوم کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم مجھے 50 سال سے جانتی ہے۔ مجھے جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ملک کا سابق وزیراعظم ایک نام کی وجہ سے ایف آئی آر درج نہیں کروا سکا۔ انویسٹی گیشن اور جے آئی ٹی میں ثابت ہوگیا کہ 3 شوٹرز نے گولیاں چلائیں۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کیخلاف آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 6 لگانے کی درخواست پر جواب طلب

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں ثابت کروں گا کہ ایک رات پہلے ٹیک اوور کیا گیا۔ ثابت کروں گا کہ ادھر وکلاء اور سی ٹی ڈی کے کپڑوں میں آئی سی آئی موجود تھی۔ بریگیڈیئر وہاں پر موجود تھا، جو اس سارے معاملے کو مانیٹر کر رہا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس ٹولے کے نام ارشد شریف کی والدہ نے ارشد شریف کے قتل پر لکھا کوئی انویسٹی گیشن نہیں ہوئی۔ یہ مقدس گائے ہیں۔ قانون سے اوپر ہیں۔ اگر کوئی ادارہ اپنی کالی بھیڑوں کیخلاف ایکشن لیتا ہے تو وہ اپنی کریڈیبلٹی بہتر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو ادارہ کرپٹ لوگوں کو پکڑتا ہے، وہ ادارہ مضبوط ہوتا ہے۔ فوج میری ہے پاکستان میرا ہے، ہمیں شاید آپ سے زیادہ خیال ہے۔ میری پیشی پر پیسے ضائع کرنے کی ضرورت نہیں۔ میرے خلاف اگر وارنٹ ہیں تو میرے پاس آئیں، میں خود جیل جاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے اسلام آباد کو بند کر دیتے ہیں۔ جیسے کوئی ملک کا بہت بڑا مجرم آرہا ہے۔ میں ذہنی طور پر جیل میں جانے کیلئے تیار ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ڈرٹی ہیری نے جو پلان بنایا ہے،سوشل میڈیا پر سب کو پتہ ہے کون اس کے ساتھ ہے۔ کیا آپ لوگ تیار ہیں، جو اقتدار کے مزے لے رہے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top