جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت کی درخواست مسترد

11 اپریل, 2023 11:08

اسلام آباد : عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست کی مخالفت میں دلائل دیئے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز اور سعد حسن، عمران خان کے وکیل خواجہ حارث، وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو فیصل چوہدری نے دلائل دیئے کہ الیکشن کمیشن کی مرضی سے 29 اپریل کی تاریخ لی۔ دو دن بعد الیکشن کمیشن کو خیال آیا ہے کہ تاریخ جلد مقرر کروانی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ہم تو دو دن کی تاریخ مانگ رہے تھے، ایک ماہ کی نہیں۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ آج کل تحریک انصاف کے کیسز کی وجہ سے بہت مصروفیات ہیں۔ کیسز کی بھرمار کے باعث وکلاء کو تیاری کے لیے بھی وقت چاہیے ہوتا ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ سماعت پر وکلاء کی جانب سے ہڑتال بھی تھی۔ مشترکہ طور پر وکلاء کی ہرتال کے باعث سماعت ملتوی کی گئی تھی۔ عمران خان کے خلاف کیس ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے دائر کیا۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

خواجہ حارث نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماء علی حیدر گیلانی کے خلاف بھی الیکشن کمیشن نے نجی شکایت دائر کی ہوئی ہے۔ علی حیدر گیلانی کے خلاف کیس گزشتہ سال دائر کیا گیا تھا۔ اس کیس میں ڈیڑھ ماہ کی تاریخ ملی ہے۔

عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سکیورٹی کی درخواست ابھی بھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ کیس سے کوئی بھی بھاگ نہیں رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جلد سماعت کی درخواست میرٹ پر نہیں۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ خواجہ حارث نے 15 روز مانگے، فیصل چوہدری کے کہنے پر ایک ماہ کا وقت مانگا گیا۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر سیاسی اثر و رسوخ نظر نہیں آنا چاہیے۔ جب ضرورت ہوئی عمران خان عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ عمران خان اور علی حیدر گیلانی کے کیسز دونوں مختلف نوعیت کے کیسز ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے پاس پرائیویٹ کمپلینٹ دائر کرنے کا اختیار ہے۔ رشوت دینا اور گوشواروں میں اثاثے ظاہر نہ کرنا دو مختلف نوعیت کے کیسز ہیں۔

وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر امتیازی سلوک کرنے کا الزام لگانا غلط ہے۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ کرپٹ پریکٹسز پر تین ماہ کے اندر ٹرائل کورٹ فیصلہ کرے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت کی درخواست مسترد کردی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top