جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

امریکی اسپیکر کا دورہ تائیوان، کشیدگی میں خطرناک اضافہ، خاموش نہیں رہیں گے : چین

03 اگست, 2022 12:41

اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان پر چین کا کہنا ہے کہ انتہائی سنجیدہ نتائج ہوں گے، خاموش نہیں رہیں گے۔

امریکی ہاؤس اسپیکر نینسی پلوسی چین کی وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے منگل کی شام تائیوان کے دارالحکومت تائی پے پہنچ گئیں، جس کے باعث امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں خطرناک اضافہ ہوگیا ہے۔

چین کی افواج کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، رپورٹس کے مطابق چینی افواج پیلوسی کے دورے کے جواب میں سلسلہ وار ٹارگٹڈ عسکری کارروائیاں کرے گی۔ چینی لڑاکا طیارے بھی تائیوان کی حدود میں داخل ہوئے ہیں۔ تائیوان کی فضائی حدود تمام پروازوں کیلئے بند کردی گئی ہیں۔

امریکی فوج کے مطابق امریکی بحری جنگی جہاز تائیوان کے پانیوں کے قریب پہنچ گئے ہیں، امریکی سیونتھ فلیٹ کا جوہری طاقت سے لیس بحری بیڑہ رونالڈ ریگن فلپائنی سمندر میں موجود ہے۔

چینی وزارت خارجہ نے امریکی سفیر نکولس برنز کو طلب کر کے سخت احتجاج کیا۔ چینی نائب وزیر خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ چین خاموش نہیں رہے گا۔ امریکی اقدام جارحانہ نوعیت کا ہے، جس کے انتہائی سنجیدہ نتائج ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : تائیوان معاملے پر کشیدگی، تشویش کا اظہار، چین کی خودمختاری کی حمایت کرتے ہیں : پاکستان

دوسری جانب شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل لوگوینوف نے ایک بیان میں کہا کہا ہے کہ امریکا نے روس کے خلاف چھیڑی گئی ہائبرڈ جنگ کا دائرہ چین تک پھیلانا شروع کر دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پیلوسی کے دورہ تائیوان کے باوجود امریکا چائنا پالیسی پر قائم ہے۔ امریکا چین سے فوجی تصادم کی توقع نہیں کرتا۔

اسپیکر نینسی پیلوسی نے تائیوان کی رہنماء تسائی انگ وین کے ساتھ صدارتی دفتر کی تقریب کے دوران اپنے تبصرے میں کہا کہ ہم تائیوان کے ساتھ اپنی وابستگی کو ترک نہیں کریں گے اور ہمیں اپنی پائیدار دوستی پر فخر ہے۔ اب تائیوان کے ساتھ امریکی یکجہتی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ یہی پیغام ہے جو ہم آج یہاں لا رہے ہیں۔

تائیوان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ چینی فوجی مشقوں نے اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، تائیوان کی علاقائی جگہ پر حملہ کیا ہے اور اس کی فضائی اور سمندری ناکہ بندی کر دی ہے۔

وزارت دفاع کے مطابق جزیرہ اپنی سلامتی کا مضبوطی سے دفاع کرے گا، علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی اقدام کا مقابلہ کرے گا اور جنگ نہ کرنے کے اصول کے ساتھ اپنی چوکسی کی سطح کو بڑھا دے گا۔

وزارت کا کہنا تھا کہ چین تائیوان کے خلاف نفسیاتی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، اور شہریوں کو افواہوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے اور حکومت کو کسی قسم کی جعلی خبر کی اطلاع نہیں دینی چاہیے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top