جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

مون سون کے موسم میں جِلد کا خیال کیسے رکھنا ہے ؟

08 جولائی, 2022 14:59

پورے ملک میں اس وقت مون سون شدت کے ساتھ جاری ہے لیکن یہ شدت جلد کو بھی متاثر کرسکتی ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ہر موسم کی طرح اس موسم میں آپ کی جِلد خاص توجہ مانگتی ہے، چند درج ذیل حفاظتی تدابیر کو اپنا کر جِلد کا بہتر خیال رکھا جاسکتا ہے۔

 

حفظانِ صحت کا خیال رکھیں:

اس موسم میں زیادہ پسینہ اور نمی کا رہنا عام بات ہے جس کے باعث فنگل انفیکشن کی شکایت ہوسکتی ہے، اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ فنگل انفیکشن سے بچاؤ کی خاطر اور اچھے ذاتی حفظان صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے دن میں دو بار نہانا ضروری ہے۔

 

ہیوی میک اپ سے گریز کریں:

بارش کے موسم میں بھاری میک اپ سے گریز کرنا چاہیے کیوں کہ اس موسم میں میک اپ جِلد کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے، کیل مہاسے، الرجی وغیرہ کی شکایت پیش آسکتی ہے، اگر آپ ایکنی کی پریشانی سے دوچار ہیں تو ہیوی میک اپ اور لوشنز کے استعمال بند کر دیں، اس کے برعکس سن اسکرین، اے ایچ اے، بی ایچ اے کے امتزاج کو اپنا معمول بنائیں۔

 

یہ پڑھیں  : خواتین کو ہونے والے 4 خطرناک کینسر کے بارے میں جانئے

 

سن اسکرین کا استعمال کریں:

اس موسم میں سن اسکرین کو اپنا معمول بنائیں، یہ جِلد کی بہتر دیکھ بھال میں معاون ثابت ہوتا ہے، سن اسکرین صرف دھوپ میں نکلتے وقت ہی نہیں بلکہ گھر کے اندر بھی استعمال کیا جانا چاہیے۔اس کے ساتھ ساتھ بدلتے موسم کے دنوں میں بھی سن اسکرین کو اپنے معمول میں شامل کریں کیوں کہ الٹرا وائلٹ ریز ہر وقت ہمارے گرد و نواح میں موجود ہوتی ہیں اور یہ جلد کے لیے شدید نقصان کا سبب بنتی ہیں اور سن اسکرین ان سے حفاظت اور جِلد کو چمکدار رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

پانی کا استعمال بڑھائیں:

موسم چاہے کوئی بھی ہو، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال اپنا معمول بنائیں، یہ ممکن ہے کہ مون سون کے موسم میں پیاس کی شدت کم محسوس ہو یا پھر بالکل ہی نہ ہو جس کے باعث آپ پانی کا استعمال کم کر دیں۔ایسا کرنے سے آپ پانی کی کمی کا شکار ہوسکتے ہیں، مون سون کے موسم میں بھی 8- 10 گلاس پانی کے استعمال کو اپنا معمول بنائیں اس سے آپ کی جلد اندرونی طور پر ہائیڈریٹ رہے گی۔

 

موئسچرائزر کا استعمال کریں:

مون سون کے موسم میں ہیوی موئسچرائزر کو ترک کرکے ہلکے موئسچرائزر کا استعمال روٹین میں شامل کرنا چاہیے کیوں کہ موئسچرائزر جلد کو موسمیاتی تبدیلیوں اور اس سے پہنچنے والے نقصان سے محفوظ رکھتا ہے۔

نوٹ :  اس متعلق اپنے معالج سے مشورہ ضرور لیجئے۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top