جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سندھ کابینہ نے جیٹیز کو رجسٹر کرنے کے قوانین کی منظوری دے دی

10 مئی, 2022 13:45

کراچی : سندھ کابینہ نے غیر قانونی فشنگ کو روکنے کے لیئے جیٹیز کو رجسٹر کرنے کے قوانین کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ کے گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں جیٹیز کے حوالے سے سیکریٹری فشریز اینڈ لائیواسٹاک نے اجلاس کو بریفنگ دی، جس میں بتایا کہ ڈپارٹمنٹ کو معلوم ہوا ہے کہ سندھ کے ساحلی بیلٹ کے ساتھ کچھ جیٹیز غیر قانونی چل رہی ہیں۔ اُن غیر قانونی جیٹیز کی وجہ سے چار بلین روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

بریفنگ کے مطابق جیٹیز رجسٹر نہ ہونے سے غیر قانونی فشنگ ہوتی ہے۔ صوبے میں تقریباً 64 جیٹیز غیر قانونی کام کررہے ہیں۔ ان میں کیماڑی میں 5 ، ملیر 27، ٹھٹھہ 29، سجاول 2 اور بدین میں ایک کام کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : زرعی معیشت کو خطرہ، سندھ حکومت کے حصے کا پانی دینے کا مطالبہ

باری پتافی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کوئی ایسا قانون موجود نہیں تھا، جس کے تحت جیٹیز کو رجسٹر کیا جاسکے۔ اب یہ قوانین بنائے گئے ہیں جس کے تحت جیٹیز رجسٹر ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ قوانین تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بنا ئے گئے ہیں۔

باری پتافی نے مزید کہا کہ جیٹیز کی رجسٹریشن کشتیوں کے حساب سے فی وصول کرکے رجسٹر کی جائے گی۔ رجسٹریشن کا لائسنس 3 سال کے لیے ہوگا۔ جیٹیز کی رجسٹریشن اور سیکوریٹی سندھ فشریز ڈپارٹمنٹ کی میرین ونگ کرے گی۔ کابینہ نے جیٹیز کو رجسٹر کرنے کے قوانین کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top