جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

لاہور کنکریٹ کا جنگل بن گیا، گرین ہاوسز بڑھانے کی طرف توجہ نہیں دی گئی : عدالت

07 اکتوبر, 2021 13:05

لاہور : عدالت کا کہنا ہے کہ لاہور کنکریٹ کا جنگل بن گیا، مگر کسی نے گرین ہاوسز بڑھانے کی طرف توجہ نہیں دی۔

لاہورہائیکورٹ میں ماحولیاتی اورآبی آلودگی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت عدالت کے بنائے گئے کمیشن نے اسموگ کے خاتمے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کی رپورٹ پیش کی کر دی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ عدالت کے حکم پر اسموگ ایکشن پلان پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

پانی کے ضیاع سے متعلق واٹر کمیشن کی رپورٹ  بھی عدالت میں پیش کی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ لگانے پر کمیشن نے دس شوگر ملز کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے۔ ایک شوگر مل کو عدم تعمیل پرسیل کردیا گیا ہے۔ سیل کی گئی شوگر مل کو بیان حلفی کے بعد کھول دیا گیا۔ موٹروہیکل فٹنس سرٹیفکیٹس کےحوالے سے عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔

درخواست گزار شیراز ذکاء نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں ماحولیاتی ادارے کے چار ڈی جی تبدیل کئے جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سانحہ مہران ٹاؤن؛ عدالت نے سرکاری اداروں کو مجرمانہ غفلت کا مرتکب قرار دیدیا

عدالت نے کہا کہ پارکوں میں زیر زمین پانی نکالنے کی بجائے جمع شدہ پانی کے استعمال کی پالیسی وضع کی جائے۔ زیرزمین پانی کو بچانا اہم ذمہ داری ہے۔ سرکاری یا نجی ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں درختوں کے کٹاؤ کوروکا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں موجود درختوں کو محفوظ بنانے کے لئے پی ایچ اے اپنے افسروں کو تعینات کرے۔ لاہور کنکریٹ کا جنگل بن گیا، مگر کسی نے گرین ہاوسز بڑھانے کی طرف توجہ نہیں دی۔ بلند و بالا عمارتوں کی چھتوں پر پھل دار پودے لگانے کی پالیسی وضع کی جائے۔ ایسے اقدامات سے درجہ حرارت میں واضع کمی آئے گی۔

درخواست گزار نے کہا کہ لاہور کا اتنا پھیلاؤ ہوگیا، جس کی کوئی حد نہیں رہی۔ عدالت نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے جو بویا ہم وہ کاٹ رہے ہیں، ہم جو بوئیں گے ہماری نسلیں وہی کاٹیں گی۔

ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے لئے بڑے بڑے حوض بنائے جارہے ہیں۔ عدالت ترقیاتی منصوبوں کی زد میں آنے والے درختوں کو محفوظ بنانے کے لئے حکم جاری کرے گی۔

عدالت نے سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے وکلاء کو بحث کے لیے طلب کر لیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top