جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

کرپٹ افراد اور قاتلوں کو موقع پر ہی سزائے موت ہونی چاہیے : شیخ رشید

26 جولائی, 2021 15:13

اسلام آباد : شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی اگلی بار پی ٹی آئی سندھ میں بھی حکومت بنائے، پاکستان میں چین والا نظام ہونا چاہیے۔ کرپٹ افراد اور قاتلوں کو موقع پر ہی سزائے موت ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہی ہوا جو میں نے الیکشن کشمیر کے بارے میں کہا تھا۔ پی ٹی آئی کشمیر میں تنہا حکومت بنانے جارہی ہے۔ کوشش ہوگی اگلی بار پی ٹی آئی سندھ میں بھی حکومت بنائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کشمیر میں بڑی فتح ملی ہے، کشمیریوں نے عمران خان پر اعتماد کیا ہے۔ سب سے زیادہ بے روزگاری کشمیر میں ہے۔ ہم کشمیر میں بے روزگاری ختم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے الیکشن میں بوریاں بھر کر نوٹ خرچ کیے، پیسہ خرچ کرکے دو تین سیٹوں میں اضافہ کیا۔ 2023 میں بھی یہی کہیں گے کہ دھاندلی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شورش کاشمیری، عطاء اللہ بخاری سے بڑے کس کے جلسے تھے، ووٹ دینے کی الگ سوچ ہے، مریم پہلی دفعہ کشمیر گئی تھی۔ خاندانی سطح پر ووٹوں کا فیصلہ تھا، جلسوں سے ووٹ کا اندازہ نہیں کیا جا سکتا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف ہمیشہ اینٹی آرمی اور اینٹی عمران خان رہا ہے۔ نوازشریف ملک سے باہر بیٹھ کر تقریریں نہ کریں۔ واپس آنا چاہتے ہیں تو چارٹرڈ طیارہ بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔ چاہتے ہیں نوازشریف واپس آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں۔

یہ بھی پڑھیں : تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کا میدان مار لیا، حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بدقسمت ہے، جس فوج نے اسے اپنی نرسری سے نکالا، اسی فوج کے خلاف بدزبانی کرتا ہے۔ ساری زندگی لگا رہے یہ اقتدار کا منہ نہیں دیکھ سکے گا، قانونی اور عدالتی معاملات کا کچھ نہیں کہہ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ظاہر جعفر کے باپ کو پکڑ لیا، ان کے نام ایک سی ایل میں ڈالنے کے لئے سمری اس ہفتہ کابینہ کو چلی جائے گی، ان کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان میں چین والا نظام ہونا چاہیے۔ کرپٹ افراد اور قاتلوں کو موقع پر ہی سزائے موت ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سات سالوں میں جعلی کارڈز بنے، ان پیسے لیکر کارڈ بنانے والوں کو نکالیں گے۔ 840 بلاک شناختی کارڈز کو مسترد کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ جو شناختی کارڈ مشکوک ہونگے انہیں میسج بھیجیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو بغیر ویزے کے ہیں 14 اگست تک وقت دے رہے ہیں۔ 14 اگست کے بعد پاکستان چھوڑنے کا کہا جائے گا۔ 14 اگست تک آن لائن ویزے کی درخواست دینے والوں کی فیس معاف کردیں گے۔ نادرا میں شناختی کارڈ کی تجدید اور تصحیح کا نیا سسٹم جلد لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بارڈر پر 90 فیصد باڑ لگانے کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ باقی حصہ بھی جلد ختم کردیا جائے گا۔ افغان آرمی کے جن 45 اہلکاروں کو پناہ دی گئی ہے ان کو باعزت طریقے سے واپس کریں گے۔ افغان پالیسی پر فیصلہ دفتر خارجہ نے کرنا ہے، معاملات ٹھیک ہیں، کوئی چیلنج نہیں ہے۔ افغان آرمی کے افسران اور جوانوں کی مہمانداری کی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کابینہ میں مزید تبدیلیوں کے حوالے سے کوئی علم نہیں۔ میں زمینی وزیرداخلہ ہوں، خلائی نہیں۔ منشیات کے خلاف 14 اگست کے بعد جہاد کرنے جا رہا ہوں۔ سیاچن گلیشئر بھی جا رہا ہوں، وہاں فوجیوں کے ساتھ چائے پیوں گا۔ پاکستانی فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے۔ پاکستان کے خلاف انڈیا اسرائیل نے ہائبرڈ وار شروع کر رکھی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top