جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ہزاروں ارب کے اسکینڈلز پر خاموش نیب کے ہوتے ہوئے ترقی نہیں ہوسکتی : شاہد خاقان

06 جولائی, 2021 13:03

اسلام آباد : شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ جتنا نقصان نیب نے پہنچایا، کسی اور ادارے نے نہیں پہنچایا، ہزاروں ارب کے اسکینڈلز پر نیب خاموش بیٹھا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت کیلئے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر کہتے ہیں ان عدالتوں میں کیمرے لگائیں اور عوام کو دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ جو گواہ آتا ہے وہ کہتا ہے نہ حکومت کو نقصان ہوا نہ عوام کا پیسہ لگا۔ کیس یہ ہے کہ ایل این جی ٹرمنل نہیں لگنا چاہیے تھا۔ یہاں کابینہ کا اجلاس ہوتا ہے کہ چھ دن ایل این جی بند ہونے پر کیا نقصانات ہوئے؟ چیئرمین نیب یہ تو پتہ کر لیں کہ ایل این جی کی ضرورت تھی یا نہیں تھی۔ چیئرمین نیب کو چاہیئے کہ جھوٹے کیس ختم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں ارب کے اسکینڈلز پر نیب خاموش بیٹھا ہے۔ پٹرولیم کے سیکریٹری کہہ رہے ہیں کہ نیب کاموں میں مداخلت کر رہا ہے۔ ملک کو نیب کے حوالے کردیں، بہتر چلالے گا۔ جب تک نیب ہوگا ہمارا ملک نہیں چلے گا۔ نیب کے ہوتے ہوئے ملک میں ترقی نہیں ہوسکتی۔ جتنا نقصان نیب نے پہنچایا، کسی اور ادارے نے نہیں پہنچایا۔ آج نیب مجرموں کو چھپانے اور کرپشن بچانے کیلئے استعمال ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نیویارک فلیٹ انکوائری کیس : آصف زرداری نے نیب سے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پہلے بل کے اندر پونے تین روپے بجلی بڑھ گئی ہے۔ یہ تماشے لگیں گے، مہنگائی اور بڑھے گی۔ آج پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت اقتدار میں ہے۔ جو آدمی ووٹ کو عزت نہیں دے گا ہم اسکی عزت نہیں کر سکتے۔ پاکستان کا مسئلہ ووٹ کی عزت سے ہی حل ہوگا۔

لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر کے عوام کو بھی اظہار رائے کا موقع نہیں دینا چاہتے، الیکشن چوری کرنا چاہتے ہیں۔ کیا اس سے کشمیر کا موقف مضبوط ہوگا؟

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں افغان عوام اور افغانستان کی خود مختاری کا خیال رکھنا چاہیے۔ افغان معاملات میں فریق نہیں بننا چاہیے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top