جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

تمام خاص و عام میں خاص ہے یہ آم

01 جون, 2022 13:45

سال کو وہ موسم آگیا ہے جو ویسے تو ناقابل برداشت ہے مگر یہ وہ ہی موسم ہے جس کا انتظار اکثر لوگوں کو ہوتا ہے اور شدت سے ہوتا ہے۔ اس پہلے جملے میں آپ کو تضاد محسوس ہوگا اور محسوس ہونا بھی چاہیئے کہ بھلا جو چیز ناقابل برداشت ہے اس کاشدت سے انتظار کیوں ہے آخر۔

 

بات یہ ہے کہ جون اور جولائی  کا مہینہ گرمیوں کی وجہ سے ناقابل برداشت ہوجاتا ہے مگر یہ ہی مہینہ بادشاہ کی آمد کا مہینہ ہے جس کی وجہ سے اس کے چاہنے والے خوش ہوجاتے ہیں اور گرمی بھی برداشت کرلیتے ہیں۔ جی جی بادشاہ کی آمد کا مہینہ ، یہ آمد پھلوں کے بادشاہ کی آمد یعنی ” آم ” کی ہےجو بالکل عام نہیں۔

 

یہ پڑھیں : شور مچاتی بائیکس اور  شپڑ گینگ کا چھچور پن

 

سال کے یہ دن گرم ترین ہوتے ہیں لوُ بھی چل رہی ہوتی ہے اور کڑکتی ہوئی دھوپ بھی مگر اس موسم میں ہی آم آتے ہیں جو ہر خاص و عام کے لئے انتہائی خاص اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔شدید گرمی ہو یا لوُ چلتی ہوائیں سب آم کے سامنے قابل قبول ہوجاتےہیں۔

 

گرمی کی کڑواہٹ ٹھنڈے ٹھنڈے میٹھے آم کے سامنے دم توڑ جاتی ہے۔گرمیوں کی سختیاں ایک جانب مگر آم کی آمد کے بعدتمام سختیاں بڑی معمولی لگتی ہیں وہ شاید اسی لئے کہا گیا ہو کہ صبر کا پھل میٹھا ، بلکہ اس کو یوں بدل لیتے ہیں کہ شدید گرمیوں میں صبر کا پھل میٹھا آم ہے۔

 

آم ہرگزعام نہیں

 

یہ آم بہت بڑے بڑے مقاصد کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔بڑے بڑے لوگ اپنے گاؤں کے خصوصی آم بڑےبڑے لوگوں کو بھجواتے ہیں گفٹ کے طور پر۔اس گفٹ کے نتیجے میں بڑے بڑے کام ہوجاتے ہیں۔آم صرف پھل نہیں بلکہ سفارت کار بھی ہے اور اکثر سفارتکاری کے موقع پر یہ بہترین سفارتکاری بھی انجام دیتا ہے۔

 

پاکستانی سیاست میں بھی آم کو خاص اہمیت حاصل ہے ۔پاکستان کے بڑے بڑے تاریخی واقعات میں آم کا خاص ذکر آیا ہے۔ آم پاکستانی سیاست کی کڑواہٹ کو کم کرنے کےبھی استعمال کیا جاتا ہے۔

 

اس بارے میں پڑھیں : اخلاق سے عاری قوم

 

آم ہر خاص و عام میں یکساں مشہور و مقبول ہے اور ہر دل کی پسند ہے اورجن چند لوگوں  کو یہ پھل پسند نہیں ان کی بدذوقی کے کیا ہی کہنے۔ کھانے میں بریانی، مشروبات میں چائے ، پھولوں میں گلاب کی جو حیثیت ہے وہ ہی حیثیت پھلوں میں آم کی ہے۔

 

آم کو پسند کرنےکی کوئی عمر نہیں، آم سے سجے تھال میں جنریشن گیپ جیسی چیز نہیں، آم کے گرد دادا بھی ملیں گے اور پوتا بھی، نانا بھی ملیں گے اور نواسہ بھی۔ آم ہر طبقے کی پسند ہے چاہے وہ امیر طبقہ ہو یا پھر غریب طبقہ۔ آم ہر خاص و عام کے لئے انتہائی خاص ہے۔

 

آم ہرگزعام نہیں

 

مختصر یہ کہ آم ہرگزعام نہیں، آم قدرت کی بہترین نعمت ہے جو اس نے انسانوں کےلئے اتاری۔ آم کی تعریف کچھ اس طرح کی جا سکتی ہے کہ گرم علاقوں میں پیدا ہونے والا رس دار اور گودے دار پھل ہے۔ اسے پکنے پر کھایا جاتا ہے اور کچے میں اس کا اچار بنایا جاتا ہے۔ عام سے بے شمار ڈشز بنتی ہے،آم سے طرح طرح کے شیک بنتے ہیں ، مختصر یہ ہے کہ آم اجتماعی محبت کا نام ہے۔

 

نوٹ : جی ٹی وی نیٹ ورک اور اس کی پالیسی کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

 

[simple-author-box]

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top