جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

جعلی حکومت کو لانے والے ہی ناکامی کے ذمہ دار ہیں، گلگت کی مبارکباد سلیکٹر کو دیتے ہیں : مریم نواز

18 نومبر, 2020 16:57

مانسہرہ : مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے بیانیئے نے تمہاری سیاست کو دفن کردیا، جو اس جعلی حکومت کو لانے والے ہیں وہی ناکامی کے ذمہ دار ہیں۔ بھیک میں ملی گلگت کی سیٹوں کی مبارک باد بھی سلیکٹر کو دیتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مانسہرہ کی بیٹی اور بہو مریم نواز کا سلام ہو۔ آج مہمان بھی ہوں اور میزبان بھی ہوں۔ مجھے آج پتہ چل گیا کہ ہزارہ نواز شریف کا تھا، ہے اور رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جہاں بھی جاتی ہوں وہاں نوجوان زیادہ نظر آتے ہیں، بزرگوں کا جذبہ بھی دیکھنے کے قابل ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کا مانسہرہ اور ہزارہ سے رشتہ بہت پرانا ہے۔ نواز شریف نے ہمیشہ رشتہ نبھایا۔ آج نواز شریف نے پاکستان کے عوام سے جو وعدے نبھائے اس کی سزا نواز شریف، پاکستان اور مسلم لیگ ن بھگت رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے وعدے پورے کیئے۔ ہزارہ موٹر وے کا وعدہ کیا اور بنا دیا۔ گاؤں گاؤں اور گھر گھر گیس پہنچائی۔ جس نے پورے پاکستان میں اینٹ نہیں لگائی، جس نے ووٹ چوری کیا، ہزارہ موٹروے پر تختی لگا کر چلا گیا۔ تکتی لگانے والا جانتا نہیں کہ عوام کو پتہ ہے کہ موٹر وے کس نے بنائی۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ نواز شریف کا پاکستان اچھا تھا یا ووٹ چور کا پاکستان اچھا ہے؟ ڈھائی سال پہلے جو وعدے کیئے گئے،

کیا نیا پاکستان کا وعدہ ملا؟ کیا ایک ایک نوکری بھی ملی؟ کیا ایک کمرہ بھی کسی کو ملا؟ کیا 47 روپے پیٹرول کسی کو ملا؟

مریم نواز نے کہا کہ یہ بات جان لو جب تک یہ جعلی حکومت ہمارے سروں پر سوار ہے یہ ملک نہیں چل سکتا، مہنگائی کم نہیں ہوسکتی ، غریب کا چولہا نہیں جل سکتا، گھر نہیں چل سکتا، ہمارے غریب مرضوں کو سستی دوائی نہیں مل سکتی، آٹا اور چینی چوری نہیں رکے گی۔ عوام کے دلوں اور گھروں پر مصیبتیں رہیں گی۔ آپ کا ووٹ چوری ہوتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : کیپٹن (ر) صفدر، مریم نواز کے خلاف مزار قائد کی مبینہ بے حرمتی کا مقدمہ ختم

انہوں نے کہا کہ گلگت میں 10 دن رہ کر آئی ہوں کہ پورے دنیا نے دیکھا ایک کونے سے دوسرے کونے تک ایک ہی آواز تھی وہ تھی شیر، پوری دنیا نے ٹی وی پر دیکھا کہ لوگ نواز شریف کی حمایت میں نکلے، ہر جگہ شیر ہی شیر تھا۔ اسی سلیئے گلگلت کا جعلی نتیجہ آیا تو کوئی اس کو ماننے کو تیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا یہ اثر ہوا کہ 2018 میں جب دھاندلی ہوئی تو اس سلیکٹڈ کو جیتایا گیا۔ آج یہ فرق پڑا ہے کہ گلگت میں دھاندلی کے باوجود نہیں جتایا جا سکا۔ یہ دھاندلی کرکے بھی نہیں جیت سکتا ہے۔  مسلم لیگ ن کے امیدوار چرانے کے باوجود، کئی ایجنسیوں کے نمائندے بٹھانے کے باوجود، توڑ جوڑ کے باوجود، آج کتنی سیٹیں ملی، صرف 8۔ وہ سیٹیں بھی اس کی نہیں ہیں، وہ سیٹیں بھی مسلم کے توڑے ہوئے امیدواروں کی مرہوں منت ہے اور مبارکبار ہم عمران خان کو نہیں دیتے، جو بھیک میں 8 سیٹٰں ملی ہیں، ان کی مبارک باد بھی سلیکٹر کو دیتے ہیں۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ میں نے حیران کن بات دیکھی گلگت بلتستان کے دور دراز علاقے، جہاں انٹرنیٹ اور فون کی سہولت نہیں، وہاں بھی اگر گونج رہا تھا تو وہ نواز شریف کا بیانیہ تھا۔

تم لوگ کہتے ہو کہ نواز شریف کا بیانیہ کیا ہے۔ نواز شریف کے بیانیئے نے تمہاری سیاست کو دفن کردیا۔ کہیں کا نہیں چھوڑا۔ یہ نواز کا بیانیہ ہی تھا، جس کی وجہ سے فکسڈ میچ کے باوجود مینڈینٹ نہیں ملا، بیساکیاں ملیں۔

مریم نواز نے کہا کہ سنتے تھے کہ گلگت بلتستان وفاق کو سپورٹ کرتی ہے۔ جب مسلم لیگ جیتی تھی جو اسے کسی بیساکی کی ضرورت نہیں پڑی تھی۔ تمام تر دھاندلی کے باوجود 7 سیٹیں ملیں۔ ایسی عبرت ناک شکست پر توبہ۔ یقین جانو اس ذلت سے منہ چھپا کر گھر بیٹھنا زیادہ اچھا ہے۔ تھوڑی سی شرم اور حیا والا ہوتا تو گھر سے نہیں نکلتا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت کے لوگوں نے اپنا فائدہ نہیں دیکھا، عزت کو ووٹ دیا اور جعلی حکومت کو نہیں دیا۔ لوگ ووٹ دیتے تو کیوں دیتے تم باقی پاکستان کو کیا دیا جو گلگت کو دیتے۔ سوائے تکلیفوں کے، 30 روپے کے روٹی کے اور آسمان کی جانب مہنگائی کے۔ پاکستان کو دیا ہی کیا ہے جو تم گلگت میں ووٹ ماننے پہنچ گئے تھے۔ جو تم نے پاکستان میں دودھ اور شہد کی نہریں بہائیں تھیں، وہ گلگت کو دور سے نظر آگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تم سے جواب پوچھا جاتا ہے تو کہتے ہوں کہ میں اور ادارے ایک پیج پر ہیں۔ جو اس جعلی حکومت کو لانے والے ہیں وہی ناکامی کے ذمہ دار ہیں۔ آج لوگ مہنگائی، تمہاری ناکامی، ووٹ چوری، ترقی کی شرح کم ہونے، کشمیر بھارت کی جھولی میں پھینک آنے کا قصوار انہی کو ٹھہراتے ہیں، لوگ تمہیں اس قابل بھی نہیں سمجھتے کہ ناکامی کا ذمہ دار بھی تم کو قرار دیں۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ جو انسان ایک یونین کاؤنسل بھی چلانے کے قابل نہ ہو، اسے 22 کروڑ کی ذمہ داری دے دی گئی۔ جس ملک کی ایک ایک اینٹ لگائی تھی، ملک سنوارا تھا، آج جب ملک الٹے راستے پر چل نکلا ہے تو نواز شریف کو تکلیف ہوتی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بیانیئے کو نوجونوں اور 22 کروڑ عوام نے اپنالیا ہے۔ وہ وقت دور نہیں، جب نواز شریف نہ صرف وطن واپس آئے گا، بلکہ چوتھی بار وزیر اعظم بنے گا۔ وعدہ کرو کہ پشاور کے جلسے میں اپنی بہن بیٹی کا ساتھ دینے آؤ گے۔ اسلام آباد جانا پڑا تو نکلوں گے اپنی بہن کے ساتھ۔ اللہ اس نالائق اور نااہل حکومت کے شر سے بچائے رکھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top