جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

کل پہلی مرتبہ پاکستان میں ایک طاقتور قانون کے دائرے میں آیا

07 جولائی, 2018 14:46

گولڑہ شریف: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اللہ نے جتنے موقع دیے، اتنے پاکستان کے کسی اور لیڈر کو نہیں ملے، ایک کرپٹ پارٹی کا سربراہ بنا اور لوگ اس کی حمایت کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گولڑہ شریف میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان اوپر جاتا ہے تو اسے نیچے بھی آنا ہوتا ہے۔ وہ بہت کم ظرف انسان ہوتا ہے جو سمجھتا ہے نیچے نہیں آؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے بہت کچھ سیکھا، جیت جاتے ہیں تو بڑا استقبال ہوتا ہے، جیت کی صورت میں آپ کبھی بھی اپنے پاؤں زمین سے اٹھنے نہ دیں۔ ایسا وقت بھی آتا ہےجب ہار پر آپ کو یہی لوگ انڈے مارتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ کےحکم پر چلیں عزت ان کے ہاتھ میں ہے، اللہ کے حکم پر نہ چلیں تو ذلت بھی وہی دیتے ہیں۔ مدینہ فلاحی ریاست اصولوں کی بنیاد پر بنی تھی، پیارےنبی نے کوئی محلات نہیں بنائے، سادگی اختیار کی۔

انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان میں ایک طاقتور قانون کے دائرے میں آیا۔ کل احتساب عدالت کے ذریعے ایک طاقتور کو سزا سنائی گئی۔ ’نواز شریف نے 300 ارب روپے پاکستان سے کیسے باہر بھیجے، پاکستان میں بچوں کو بنیادی خوراک ہی نہیں مل رہی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اللہ نے جتنے موقع دیے، اتنے پاکستان کے کسی اور لیڈر کو نہیں ملے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ایک کرپٹ پارٹی کا سربراہ بنا اور لوگ اس کی حمایت کر رہے ہیں، ہمارے زوال کی بنیادی وجہ اس قسم کی حمایت ہی ہے۔ قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، کرپشن کا راستہ روکنا ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top