جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ورلڈکپ: کونوے اور رویندرا کی سنچریاں، کیویز نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

05 اکتوبر, 2023 20:47

احمدآباد: آئی سی سی کرکٹ ون ڈے ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے ہرادیا۔

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف 37 ویں اوور میں با آسانی ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

ڈیون کونوے نے 121 گیندوں پر 152 رنز جبکہ نوجوان رچن رویندرا نے 96 گیندوں پر 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 273 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے تھے، انگلش ٹیم کی جانب سے جو روٹ 77 اور کپتان جوز بٹلر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو پہلا نقصان اوپنر ڈیوڈ ملان کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں 14 رنز پر میٹ ہینری نے آؤٹ کیام بعد ازاں جونی بیئر اسٹو 33، ہیری بروک 25 اور معین علی 11 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

4 وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ اور کپتان جوز بٹلر نے ذمہ درانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جو روٹ نے 77 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بٹلر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ لیام لیونگسٹن نے 20، سام کُرن نے 14 اور کرس ووکس نے 11 رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں عادل رشید اور مارک ووڈ کے درمیان 30 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور یوں انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ: ایسا لگ رہا ہے کہ پاکستان بھارت کو ہرا دے گا: سابق برطانوی کپتان

عادل رشید نے 15 اور مارک ووڈ نے 13 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کے 283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا، صرف 10 کے مجموعی اسکور پر ول ینگ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد ڈیوڈ کونوے اور رچن رویندرا نے سنچریاں اسکور کیں اور ہدف 37 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

ڈیون کونوے نے 152 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 19 چوکے شامل تھے جبکہ نوجوان رچن رویندرا نے 96 گیندوں پر 123رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، رویندرا کی اننگز میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔

دونوں کے درمیان 273 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔

انگلینڈ کی جانب سے سام کُرن نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ کے رویندرا کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

خیال رہے کہ احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ICC Cricket World Cup 2023 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اپنا ورلڈکپ کا پہلا میچ کل نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top