جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سانحہ اے پی ایس کو یاد کرکے آنکھیں اشکبار ہوجاتی ہیں : نگراں وزیر اعظم

16 دسمبر, 2023 11:13

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سانحہ اے پی ایس سے متعلق کہا کہ آج بھی اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہوجاتی ہیں۔

سانحہ آرمی پبلک اسکول کی نویں برسی پر نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ 9برس پہلے آج کے دن دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیاتھا،یہ ایک ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کردیں۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ قوم پھول سے بچوں کی عظیم قربانی پر انہیں یاد کرتی ہے، ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے قربانی دی ہے۔
انوارالحق کا کڑ کا کہنا تھا کہ قوم بچوں کی عظیم قربانی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے، آج ان عظیم شہیدوں کی عظیم قربانی کو یاد کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے سانحےنے قوم کے عزم کو مضبوط تر کیاہے، پاکستانی قوم دہشت گردی کی جنگ جیت چکی ہے، پوری قوم کو اپنے عظیم شہدا، ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹونے بھی سانحہ اے پی ایس کی برسی پر معصوم شہدا کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کا دن ہماری قومی تاریخ کا ایک بھیانک دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہولناک خونریزی کی یاد ہر پاکستانی کے ذہن میں آج بھی تازہ ہےہم دہشت گردی کے متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے۔
دوسری جانب صدر (ن) لیگ شہباز شریف نےسانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 16دسمبر 2014 کا دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے،9سال پہلے آج کے دن معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیاتھا۔
شہباز شریف نے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر جمع ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا،آج کے دن سیکیورٹی فورسز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

یہ پڑھیں:بھارتی فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں:انوار الحق کاکڑ

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top