جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پاکستان کے حالات اتنے اچھے کردینگے کہ ہر گھر میں روزگار ہوگا: نواز شریف

26 جنوری, 2024 16:35

بورے والا: نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دوبارہ اچھا وقت واپس لے کر آئیں گے، ملک سے مہنگائی، بے روزگاری پھر سے ختم کریں گے، پاکستان کے حالات اتنے اچھے کردیں گے ہر گھر میں روزگار ہوگا۔

قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا بورے والا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کتنے سالوں بعد آج آپ سے ملاقات ہورہی ہے، بڑے جوش سے آپ نے سلام کا جواب دیا، آپ سے اتنے سال نہیں ملا تو میں اداس ہوگیا تھا، 2017 آپ کو یاد ہے یا نہیں، آج روٹی 4 کے بجائے 25 روپے کی ہوگئی، وہ وقت یاد آتا ہے جب روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، 2017 میں روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، تبدیلی کی وجہ سے آج روٹی 25 روپے کی ہوگئی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی ہے نہ گیس، گھی، سبزیاں مہنگی ہیں، ن لیگ آئے گی بجلی کی قیمت کم کرے گی، نواز شریف کی خدمتیں قوم نے یاد رکھی ہوئی ہیں، اُس وقت بجلی کا بل 500 آتا تھا آج 20 ہزار روپے آتا ہے، ہم نے آپ کیلئے موٹروے بنائی ہے اپنی ذاتی کیلئے نہیں، ن لیگ کی حکومت آئے گی تو بورے والا سے موٹر وے گزرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا: شہباز شریف

ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ نہ لینے پر حکومت ختم نہ کی جاتی تو کوئی بیروزگار نہیں ہوتا، ہر شخص کے پاس روزگار ہوتا، ہر گھر خوشحال ہوتا، یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے جسم پر کلہاڑ مارا، پاکستان میں دوبارہ اچھا وقت واپس لے کر آئیں گے، ملک سے مہنگائی، بے روزگاری پھر سے ختم کریں گے، پاکستان کے حالات اتنے اچھے کردیں گے ہر گھر میں روزگار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں یوریا 1200 روپے کی تھی، آج یوریا 5 ہزار روپے کی ہے، یہ ہے تبدیلی کا نتیجہ، ہمارے دور میں ڈی اے پی کا ریٹ 2400 روپے تھا، آج ڈی اے پی کا ریٹ 14 ہزار روپے ہے، یہ ہے تبدیلی۔

 

مریم نواز:

چیف آرگنائزر مریم نواز کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلی بار بورے والا آئی ہوں، جلسے میں ہر طرف نوجوان ہی نظر آرہے ہیں، مسیحی بھائی اور ان کے جھنڈے بھی نظر آرہے ہیں، ن لیگ کو ووٹ دیں تاکہ منتخب ہوکر آپ کی خدمت کرسکیں، نوجوان شیر کو ووٹ دیں ہم انہیں روزگار دیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں گئی، پوری قوم جانتی ہے نواز شریف نے ملک کی کتنی خدمت کی، پنجاب میں مخالف جماعتوں کو انتخابی جلسوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں، مخالف جماعتیں جہاں بھی جلسے کریں وہاں ن لیگ کے منصوبے نظر آئیں گے، تمام مخالف جماعتیں پنجاب میں آکر ووٹ مانگ رہی ہیں، ملک میں ہر منصوبے پر نواز شریف کا نام لکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ پنجاب آکر نواز شریف پر تنقید کرتے ہیں، وہ جہاں سے آئے ہیں وہاں جاکر دیکھو تو اسکولوں میں مویشی بندھے ہیں، ن لیگ کو اپنی کارکردگی پیش کرنے کی ضرورت نہیں، پوری قوم جانتی ہے نواز شریف نے ملک کی کتنی خدمت کی، اورنج ٹرین دیکھ کر کہا وہ دیکھو نواز شریف کا منشور جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی خدمت صحیح معنوں میں صرف نواز شریف نے کی، باقی جماعتیں جنوبی پنجاب کے نام پر سیاست کررہی ہیں، بہت لوگ جنوبی پنجاب کے نام پر بیوقوف بناکر چلے گئے، چینی، سبزی اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی کرنا ہماری ذمے داری ہے، ہر شہر اور گاؤں کی ترقی ہمارا منشور ہے، مسلم لیگ ن کا کوئی ووٹر 8 فروری کو گھر میں نہ بیٹھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top