جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

نہیں چاہتے کسی کو چوتھی بار ہم پر مسلط کیا جائے: بلاول بھٹو

28 دسمبر, 2023 19:19

سکھر: بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ فیصلہ کیا ہے کہ مجھے لاہور سے الیکشن لڑنا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ نفرت اور تقسیم کی پرانی سیاست کو دفن کردیں، نہیں چاہتے کسی کو چوتھی بار ہم پر مسلط کیا جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی الیکشن میں بہترین نتائج دے گی، گھوٹکی کی خواتین کو بھی بلاسود قرضے دیے گئے، گھوٹکی جیسے علاقے کی خواتین کو بھی خودمختار کیا ہے، اپنی زمین اپنا مکان کا انقلابی پروگرام شروع کیا ہے، غریبوں کو پکا گھر اور مالکانہ حقوق مل رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر پارٹی 10 نکاتی منشور پیش کیا، سیلاب متاثرین کو پکا گھر اور مالکانہ حقوق دلوانے ہیں، ہم تنخواہوں میں اضافہ چاہتے ہیں، ہمارا اہداف ہے کہ 5 سال میں عوام کو محسوس ہوکہ ان کی تنخواہ دگنی ہوگئی ہے، پیپلزپارٹی خواتین کو با اختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے، پیپلزپارٹی الیکشن میں بہترین نتائج دے گی، عوام کو سندھ میں پکے گھر اور مالکانہ حقوق دینے پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غربت مہنگائی، بیروزگاری عوام کے بڑے مسائل ہیں، ہر ضلع میں گرین انرجی پارک بنائیں گے، مقامی لوگوں کو کم قیمت پر بجلی دیں گے، سندھ میں صحت کے بہترین ادارے بنائے ہیں، غریبوں کو مفت بجلی کا صرف نعرہ نہیں پوری منصوبہ بندی ہے، ضلعی سطح پر گرین پارکس بناکر غریبوں کو مفت بجلی دیں گے، غریبوں کو سولر پینل کے ذریعے بھی مفت بجلی دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 5 سال میں تنخواہیں ڈبل کردیں گے، بلاول بھٹو کا 10 نکاتی منشور کا اعلان

انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ کاغذات نامزدگی کہاں چھینے جارہے ہیں، کاغذات نامزدگی کے معاملے پر متعلقہ لوگ جواب دہ ہیں، کاغذات نامزدگی چھیننے کا کام بلاوجہ کیا جارہا ہے، کسی کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جاسکتا، 17 وفاقی وزارتوں کو بند کروں گا، سالانہ 300 ارب کی بچت ہوگی، اشرافیہ کو سالانہ ایک ہزار 500 ارب کی سبسڈی دی جاتی ہے، سبسڈی کی بجائے غریب لوگوں کی براہ راست مدد کرنی چاہیئے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود اپنے بیانات کی مذمت کرتے ہیں؟، تحریک انصاف کو ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگنی چاہیئے، آصف زرداری، فریال تالپور کی گرفتاری پر کہا گیا ادارے کام کررہے ہیں، نہیں چاہتے کسی کو چوتھی بار ہم پر مسلط کیا جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا ہے کہ مجھے لاہور سے الیکشن لڑنا ہے، ہم انتقامی سیاست اور گرفتاریوں پر یقین نہیں رکھتے، ہم چاہتے ہیں کہ نفرت اور تقسیم کی پرانی سیاست کو دفن کردیں، پی ٹی آئی کو توبہ کرنا پڑے گی، معافیاں مانگنی پڑیں گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top