جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ہم نے جیلیں کاٹیں، سپریم کورٹ کا جج تک جوابدہ ہے، مگر ان سے کوئی پوچھ نہیں سکتا : احسن اقبال

27 اپریل, 2021 12:40

اسلام آباد : احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہم جیلیں کاٹ رہے ہیں، سپریم کورٹ کا جج تک جوابدہ ہے۔ دوسری جانب وہ لوگ ہیں، جن سے کوئی سوال نہیں پوچھ سکتا۔ یہ دو نہیں، دس پاکستان ہیں۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے کی۔ نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دوران سماعت جج اصغر علی نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ درخواست پر دلائل کیلئے تیار نہیں تو عدالت گواہ کا بیان ریکارڈ کر لیتی ہے۔ عدالت نے احسن اقبال کو جانے کی اجازت دے دی۔

پیشی کے موقع پر سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیس یہ ہے کہ پاکستان میں جدید ترین کھیلوں کا مرکز کیوں بنایا۔ نوے فیصد پراجیکٹ مکمل تھا،

اس حکومت نے فنڈنگ روک کر کھنڈر بنا دیا۔ کروڑوں روپے کی ٹرف کو وارنٹی ختم کر کے ضائع کر دیا گیا۔ جو یہ نقصان ہوا کیس دراصل اس پر بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں تمام ضابطوں کو پورا کیا گیا تھا۔ کرتا پور منصوبہ سترہ ارب کا بنا، کابینہ سے منظوری اب لی جا رہی ہے۔ کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟ میں تمام ضابطے مکمل کر کے جیل کاٹ آیا۔ دوسرے جانب ایک منصوبے پر کوئی ضابطہ پورا نہیں ہوا اور کوئی جوابدہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم سلیم باجوہ سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے۔ ہم جیلیں کاٹ رہے ہیں، سپریم کورٹ کا جج تک جوابدہ ہے۔ دوسری جانب وہ لوگ ہیں، جن سے کوئی سوال نہیں پوچھ سکتا۔ یہ دو نہیں، دس پاکستان ہیں۔ ہم جیلیں اور عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں، ہماری بھی عزت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان بتائیں کون سے شعبے میں ترقی ہوئی؟ ہر شخص پریشان ہے : شاہد خاقان عباسی

لیگی رہنماء نے کہا کہ شہبازشریف کو بے گناہ جیل میں رکھا گیا تھا۔ شہزاد اکبر جو شہباز شریف کیخلاف کاغذات لہراتا تھا، وہ عدالت میں کیوں پیش نہ کئے۔ میری وزارت نے بتیس سو ارب روپیہ خرچ کیا تھا۔ عمران نیازی ساری ایجنسیاں لگا لو بتیس پیسے کی کرپشن ثابت کردو۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے دیانتداری سے اس ملک میں ترقی کے پہیے کو چلایا۔ ن لیگ نے نواز شریف کی قیادت میں تاریخی منصوبے مکمل کیئے۔ ن لیگ نے اپنے دور میں جدید ہائی ویز بنائے۔ آج پی ٹی آئی والے بھی اسی موٹر وے سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ہمیں فخر ہے، ہم نے پاکستان کے اندھیرے دور کئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کہتے ہیں ڈھائی سالوں پر فخر ہے۔ آپ نے ڈھائی سال میں پاکستانی کی ترقی کا سب سے بڑا کریش کیا۔

آپ کے دور میں سب سے بڑی مہنگائی ہوئی ہے۔ یقیناً آپ کی کارکردگی تاریخی ہے لیکن یہ بربادی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کہتے ہیں پنجاب میں وسیم اکرم پلس دیا ہے۔ پنجاب میں پوری انتظامیہ دونوں ہاتھوں سے مال بنانے میں لگی ہے۔ آج ایک عام آدمی مکان کی فرد تک لینے کیلئے رشوت دینے پر مجبور ہے۔ خود پی ٹی آئی کے ممبر کہتے ہیں پنجاب میں ایسا حال پہلے نہیں دیکھا۔

کورونا کی بگڑتی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حالت یہ ہے کہ ماسک پہنانے کیلئے بھی آپ کو فوج کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ کہاں ہے سول انتظامیہ ؟ ہمارے دور میں یہی سول ادارے کام کرتے تھےْ آپ نے افسران پر جھوٹے مقدمے بنابنا کر سول سروس کا مورال ختم کر دیا۔

لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ ہم نے جن نااہل لوگوں کو سائیڈ پر کیا، آپ نے انہیں کلیدی عہدے دیئے۔ نیب کے ذریعے آپ نے ماحول تباہ کر دیا، اب پیسہ یہاں سے بھاگ رہا ہے۔ آپ واپس جائیں شوکت خانم کو آپ کی ضرورت ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top