جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

عثمان بزدار کا ممکنہ سیلاب کے پیش نظر حفاظتی انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم

06 جولائی, 2021 11:00

لاہور : عثمان بزدار نے مون سون سیزن میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ضروری حفاظتی انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیکریٹری آبپاشی کو ہدایت جاری کی ہے کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے منظور شدہ پلان کے تحت ضروری اقدام اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کے تحت پیشگی حفاظتی انتظامات اوردیگر ضروری انتظامات کو فی الفور حتمی شکل دی جائے۔ محکمہ آبپاشی سیلاب کے پیش نظر بھرپور منصوبہ بندی کے تحت انتظامات کرے۔ فلڈ ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر درکار آلات، مشینری اور انسانی وسائل کا اہتمام کیا جائے۔ ممکنہ سیلاب کے انتظامات میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ جن علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے وہاں جانی اور مالی نقصان سے بچاؤ کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : اب بلوچ قوم پرستوں سے بات چیت کا ایجنڈا طے کیا جائیگا : فواد چوہدری

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دریاؤں میں پانی کی صورتحال کو ابھی سے مانیٹر کیا جائے۔ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے موسم کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنایا جائے۔ پیشگی انتظامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا۔

عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی سطح پر ایمرجنسی پلان تیار کیے جائیں۔ اضلاع میں سانپ کے کاٹنے کے علاج کی میڈیسن وافر مقدار میں موجود ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی جلد نکاسی کے لئے موثر پلان پہلے سے ترتیب دیا جائے۔ سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام کو موسم اور دریاؤں میں پانی کی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top