جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

دہشگردی کا الزام؛ امریکا نے پاکستانی نوجوان پر فرد جُرم عائد کر دی

08 ستمبر, 2024 15:44

واشنگٹن: امریکا نے نیویارک میں حملے کا منصوبہ بنانے کے الزام اور داعش کی حمایت میں پاکستانی نوجوان پر فرد جُرم عائد کر دی۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 20 سالہ پاکستانی نوجوان محمد شاہ زیب خان عرف شاہ زیب جدون کو بدھ کے روز گرفتار کیا گیا تھا اور اس پر بروکلین میں ایک یہودی مرکز میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ٹورنٹو سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو کینیڈا اور امریکہ دونوں میں دہشت گردی کے الزامات کا سامنا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ نیو یارک شہر کے ایک یہودی مرکز میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کی جا سکے۔

مزید پڑھیں:چین اور امریکا کا دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی حمایت کا اعلان

امریکی محکمہ انصاف اور آر سی ایم پی کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والی پریس ریلیز میں اس کیس کے ملزم کی شناخت 20 سالہ محمد شاہ زیب خان کے طور پر کی گئی ہے۔

شاہ زیب خان کو بدھ کے روز مانٹریال سے تقریبا 60 کلومیٹر جنوب میں واقع اورمس ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا تھا، تاہم امریکی حکام نے اسے کینیڈا میں مقیم پاکستانی شہری قرار دیا ہے۔

امریکی اٹارنی جنرل میرک بی گارلینڈ نے ایک بیان میں کہا کہ مدعا علیہ پر الزام ہے کہ اس نے رواں سال 7 اکتوبر کے آس پاس نیویارک شہر میں دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کی تھی جس کا مقصد داعش کے نام پر زیادہ سے زیادہ یہودیوں کو قتل کرنا تھا۔

مزید پڑھیں:امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، ملر

فرد جرم کے مطابق ملزم کو 20 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے اور اس نے مبینہ طور پر کینیڈا سے امریکہ جانے کی کوشش کی جہاں وہ حملہ کرنے کیلئے خود کار اور نیم خودکار ہتھیار استعمال کرنا چاہتا تھا۔

امریکی اٹارنی جنرل میریک گارلینڈ نے کہا ہے کہ شاہ زیب جدون کا مقصد زیادہ سے زیادہ یہودیوں کو ہلاک کرنا تھا۔رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے شاہ زیب کو بدھ کے روز مونٹریال کے جنوب میں کیوبیک کے شہر اورمس ٹاؤن سے گرفتار کیا تھا۔

فرد جرم میں الزام لگایا گیا ہے کہ پاکستانی شخص نے مبینہ طور پر قانون نافذ کرنے والے 2 خفیہ افسران کو حملہ کرنے کیلئے داعش کے حامیوں کا "حقیقی آف لائن سیل” بنانے کے اپنے منصوبوں کے بارے میں بتایا تھا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top