مقبول خبریں
امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، ملر
امریکہ نے بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ واشنگٹن گزشتہ ہفتے موسیٰ خیل میں 23 بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو نشانہ بنانے والے مہلک حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
بلوچستان حملوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں میتھر ملر نے کہا کہ پرتشدد انتہا پسند دہشت گردوں کی وجہ سے پاکستانی عوام کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے، ہمارے دل ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
مزید پڑھیں:امریکا نے اسرائیلیوں پر پابندی عائد کردی
انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں واشنگٹن اور اسلام آباد کے مشترکہ مفادات ہیں۔ ملر نے مزید کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے بلوچستان میں مختلف دہشت گرد حملوں میں 14 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 50 سے زائد افراد شہید ہوئے تھے۔ موسیخیل کے علاقے میں مسافر بسوں اور ٹرکوں سے اتارے جانے سے 23 مسافر جاں بحق ہوگئے۔
اس کے علاوہ قلات میں فائرنگ کے حملے میں پولیس اور بلوچستان لیویز اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید ہوئے جبکہ کلیئرنس آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کے 10 جوانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید ہوئے۔ آپریشن میں کم از کم 21 عسکریت پسند مارے گئے۔
پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ میں یہ کہوں گا کہ ہم ایران کے خلاف اپنی پابندیوں کا نفاذ جاری رکھیں گے اور ہم ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر غور کرنے والے کسی بھی شخص کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ ان معاہدوں کے ممکنہ مضمرات سے آگاہ رہیں۔