جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

امریکا کو ہوائی اڈے نہیں دیں گے: آرمی چیف

02 جولائی, 2021 10:12

اسلام آباد: پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد آرمی چیف سے سوال کیا گیا کہ کیا اس بار امریکا کو ہوائی اڈے تو نہیں دیں گے؟ جس پر آرمی چیف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ سوال حکومت سے پوچھیں پھر کہا کہ اس بار ہوائی اڈے نہیں دیں گے۔

پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا 8 گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں افغانستان سے امریکا کے انخلاء اور صورت حال کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس آئی نے بریفنگ دی اور آرمی چیف نے ارکان پارلیمنٹ کے سوالوں کا جواب دیا۔

اجلاس میں صرف افغان مسئلے پر گفتگو ہو سکی، کشمیر اور ملکی داخلی صورت حال کے حوالے سے بریفنگ نہیں دی جا سکی جس کے باعث اس معاملے پر دوبارہ سیشن ہوگا۔

ذرائع کے مطابق عسکری حکام نے بریفنگ میں کہا کہ افغان مسئلے پر ہم بالکل نیوٹرل رہنا چاہتے ہیں، افغانستان میں کسی ایک گروپ کی طرف نہیں جانا چاہتے، افغان عوام جس کو منتخب کریں، ہم وہاں گھسنا نہیں چاہتے، اب افغانستان میں خانہ جنگی ہوسکتی ہے، پارلیمان فیصلہ کرے ہم نے کیا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کو اڈے دینے سے پھر انکار، تنازع میں پڑنے سے گریز کریں گے : وزیراعظم

عسکری حکام نے بتایا کہ چین اور امریکا کے معاملے پر کسی کیمپ میں نہیں، ہم نیوٹرل پالیسی پر عمل پیرا ہیں، ماضی میں غلطیاں ہوئیں، افغان تنازع کے باعث 5 سے7 لاکھ پناہ گزینوں کی پاکستان آمد متوقع ہے، افغان پناہ گزینوں کو سرحدی علاقوں تک محدود رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کو اڈے نہ دینے کا فیصلہ ملکی مفاد میں کیا: وزیر خارجہ کا اہم بیان

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان افغانستان میں عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت کا ہر سطح پر خیر مقدم کرے گا اور افغان امن کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار جاری رکھے گا، پاکستان کی سر زمین افغانستان میں جاری تنازع میں استعمال نہیں ہو رہی، امید ہے افغانستان کی سرزمین بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، افغانستان کی سرحد پر 90 فیصد باڑ کا کام مکمل کر لیا ہے جب کہ کسٹمز اور بارڈر کنٹرول کا بھی موثر نظام تشکیل کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا اس دفعہ کوئی اڈے تو نہیں دیں گے؟ آرمی چیف نے جواب دیا کہ یہ سوال حکومت سے پوچھیں۔

اس کے بعد ہی آرمی چیف نے کہا کہ اڈے نہیں دیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top