جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرکے اتفاق سے آگے بڑھنا ہوگا: وزیراعظم

23 اپریل, 2022 18:17

کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرکے اتفاق سے آگے بڑھنا ہوگا، بلوچستان کے تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون، ٹو کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج میرے لیے ایک انتہائی اہم دن ہے، یہاں قائد اعظم نے عمائدین بلوچستان سے خطاب کیا تھا، یہاں قائد اعظم نے بڑے اجتماع سے خطاب کیا تھا، عمائدین نے خوش دلی کے ساتھ پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا، آج میں خادم پاکستان کے طورپر یہاں موجود ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بنیادی سہولتیں نہیں، بلوچستان ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گیا، سوئی کی گیس سے پورا پاکستان مستفید ہوتا ہے، بلوچستان میں بے پناہ معدنی وسائل موجود ہیں، بلوچستان میں پن بجلی کے منصوبے بن سکتے ہیں، بلوچستان میں بے شمار کوئلہ موجود ہے، بلوچستان کے وسائل کا فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک کیس میں اربوں روپے ضائع ہوگئے، ریکوڈک کیس میں ہم ناکام ہوئے، ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرکے اتفاق سے آگے بڑھنا ہوگا، دہشت گردی نے بلوچستان میں تباہی مچائی، دہشت گردی سے پورا پاکستان متاثر ہوا، کے پی ، بلوچستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دیں، بہادر فوجی جوانوں نے دہشت گردی کو شکست دی، حالیہ دنوں میں دہشت گردی نے پھر سر اٹھایا ہے، باہمی اتفاق سے دہشت گردی کو دوبارہ شکست دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کے امن واستحکام کیلئے وفاقی حکومت بھرپور معاونت فراہم کریگی: وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی محرومیوں سے کوئی اختلاف رائے نہیں، بلوچستان مختلف وجوہات کی بنا پر پیچھے رہ گیا، خدارا شمالی اور جنوبی بلوچستان کے بیانیے کو ترک کردیں، بلوچستان میں جہاں بھی مسائل ہیں، حل کریں گے، بلوچستان میں مسنگ پرسن کا بھی معاملہ ہے، وکلا نے بھی مسنگ پرسن کا معاملہ اٹھایا، مسنگ پرسن کے معاملات کو حل کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اختر مینگل بھی بار بار مسنگ پرسن کا معاملہ اٹھاتے ہیں، اگر مسائل حل نہیں کریں گے تو محرومی ، مایوسی رہے گی، انصاف کی بنیاد پر مسنگ پرسن کا معاملہ حل کریں گے، بلوچستان کے سرداروں نے پاکستان بنانے میں قائد اعظم کا بھرپور ساتھ دیا، جہاں ترقی کا پہیہ رکا وہاں کام تیز کرنے کی ضرورت ہے، بلوچستان کے بڑے منصوبے بند پڑے ہیں، بلوچستان کے تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لسبیلہ سے چمن تک 200ارب کا منصوبہ ہے، کم ترین وقت میں منصوبے کیلئے پیسے پورے کریں گے، منصوبے کو ڈیڑھ سال میں مکمل کریں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top