جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سانحہ کار ساز کے شہداء کو خراج عقیدت، جمہوریت پر آنچ آنے نہیں دیں گے : آصف زرداری

18 اکتوبر, 2022 11:46

کراچی : سابق صدر کا کہنا ہے کہ سانحہ کار ساز کے بہادر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، چاہے کچھ بھی ہو جائے، پیپلز پارٹی جمہوریت پر آنچ آنے نہیں دیگی۔

سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے سانحہ کار ساز کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ پارٹی نے عظیم قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کرتے ہوئے 1973 کے آئین کو اصل صورت میں بحال کیا۔

انہوں نے کہا کہ سوات میں دوبارہ قومی پرچم سربلند کیا، صوبوں کو خودمختاری مختاری دی، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کو شناخت دی۔ غریب اور مستحق خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریاست کے ثمرات میں حصہ دار بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد اس روشن صبح کیلئے ہے جب ہر نوجوان بر سر روزگار ہوگا۔معاشی اور سماجی طور کمزور طبقات کو معاشی اور سماجی انصاف مہیا ہوگا۔ بینظیر بھٹو شہید کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر پیپلزپارٹی نے آمروں کی طرف سے پارلیمنٹ سے چھینے ہوئے اختیارات پارلیمان کو واپس دلوائے۔

یہ بھی پڑھیں : علی موسیٰ گیلانی اور حکیم بلوچ کو کامیابی پر مبارکباد، شاباش جیالو شاباش : آصف زرداری

سابق صدر نے کہا کہ آج ملک کا پسماندہ علاقہ تھر کوئلے سے بجلی پیدا کر رہا ہے۔ تھر ملک کوروشن کرنے میں اپنا حصہ ڈال کر بتا رہا ہے یہ روشنی بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا۔ ہم سانحہ کار ساز کے بہادر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ان جیالوں کی بہادری، وفاداری اور ثابت قدمی کا دنیا کی سیاسی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ جن جیالوں نے بم دھماکوں سے بے خوف ہو کر اپنی عظیم بہن اور قائد کی حفاظت کی۔ بینظیر بھٹو شہید اور ان کے ہزاروں جیالوں کے خون سے جمہوریت قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عہد کرتی ہے، چاہے کچھ بھی ہو جائے جمہوریت پر آنچ آنے نہیں دیگی۔18 ویں آئینی ترمیم ملک کی سالمیت اور بقا کی ضمانت ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top