جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

آج محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا یوم پیدائش منایا جارہا ہے

21 جون, 2021 09:51

کراچی : سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا 68واں یوم  پیدائش آج منایا جارہا ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ان کے کے مشن پر عمل کرتے ہوئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے کے عین مطابق آئین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم اپنی عظیم قائد کو نہیں بھولی۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جس نظریے کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دیا وہ نظریہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

سابق صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے، جہاں امن ہوگا، انسانی آزادی ہوگی، جمہوریت مضبوط ہوگی، آئین کی حکمرانی ہوگی اور پارلیمان ہی بااختیار ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : سابق صدر آصف علی زرداری لاہور کا اہم دورہ کریں گے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وڈیو پیغام میں کہا کہ شہید محترمہ برصغیر عظیم و بہادر لیڈر تھی۔ محترمہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے اس ملک میں جمہوریت بحال کروائی۔ مجھے فخر ہے کہ میری سیاسی تربیت شہید محترمہ نے کی۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ نے پولیو کے خلاف مہم میں خود بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا آغاز کیا تھا۔ آج شہید محترمہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہم سب کو کورونا ویکسین لگانی چاہیے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بنت عرض ایشیاء شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 68 سالگرہ سب کو مبارک ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج اس عزم کو دہراتے ہیں کہ بی بی شہید کے فلسفہ پر عمل کرینگے۔ عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہینگے۔ جمہوریت کی بالا دستی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ شھید بی بی اپنے شھید بابا کے فلسفے کا علم تھامے 30 سال تک جدوجہد کرتی رہیں، وہ ڈریں نہیں، وہ نہتی تھیں، عوام کی طاقت ان کے ساتھ تھی۔ آج عوام کی طاقت بڑھانے اور عوام کو ان کا حق حکمرانی دلانے کے لیے میرا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی والدہ کے فلسفہ کو لیکر آگے چل رہا ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ آج سب کو عرض ہے کہ کورونا ویکسین سب لگوائیں۔ خود بھی محفوظ رہیں اور اپنوں کو بھی محفوظ رکھیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top