جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

غلط حکمت عملی کے باعث ملک میں کورونا قابو سے باہر ہورہا ہے : بلاول بھٹو

24 اپریل, 2021 14:45

کراچی : بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ عمران خان کی کوشش مفت امدادی ویکسین کا حصول رہی، نالائق اور سلیکٹڈ حکمران کی غلط حکمت عملی کے سبب کورونا کی تیسری لہر ملک میں قابو سے باہر ہورہی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر تشویش اور جاں بحق افراد کے ورثاء سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی برطانوی قسم حکومتی نااہلی کی وجہ سے ائیرپورٹس پر کڑی نگرانی نہ ہونے کے سبب ملک میں آئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باوجود قرنطنیہ میں پانچ رکنی اجلاس کی سربراہی کی۔ جس ملک کا وزیراعظم کورونا وائرس کا شکار ہو کر احتیاط نہ کرے، اس ملک میں عام آدمی کیسے ایس او پیز کا خیال کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ حکمران کی غلط حکمت عملی کے سبب کورونا وائرس کی تیسری لہر ملک میں قابو سے باہر ہورہی ہے۔

پی ٹی آئی حکومت کی کورونا سے بچاؤ کی مؤثر آگاہی مہم نہ چلانے کی وجہ سے ملک میں ایس او پیز پر رضاکارانہ عمل کا رجحان تقریبا ختم ہوچکا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دنیا کورونا ویکسین لگا کر وباء سے باہر نکل رہی ہے اور بدقسمتی سے ملک میں ویکسین نہ ہونے کے برابر ہے۔ اگر موجودہ رفتار سے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاتی رہی تو پاکستان میں تین سے زائد سالوں میں صرف 20 فیصد آبادی کو ویکسین لگ سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں کورونا سے ایک ہی دن میں ریکارڈ ایک سو ستاون ہلاکتیں

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت اگر چاہتی تو بروقت بڑے پیمانے پر کورونا ویکسین خرید سکتی تھی مگر عمران خان کی کوشش مفت امدادی ویکسین کا حصول رہی۔ چین اگر ویکسین عطیہ نہیں کرتا تو پاکستان میں فوری طور پر فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ڈوز فراہم کرنے کا سلسلہ نہ شروع ہوپاتا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کورونا ویکسین کی بروقت بڑے پیمانے پر خریداری میں مکمل ناکامی کا خمیازہ پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں۔

دنیا میں چند سو روپوں کی کورونا ویکسین کی ایک خوراک کی قیمت پاکستان میں ہزاروں روپے میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکسین مفت یا کم از کم عالمی منڈی کی اصل قیمت کے مطابق ملنا عوام کا بنیادی حق ہے۔ پنجاب کی وزیرصحت کے بیان کہ لوگ ویکسین اپنی ذمہ داری پر لگوائیں، ہم ذمہ دار نہیں، سے عوام میں ویکسین سے متعلق خوف اور شک پیدا ہوگیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے اب تک ملک میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے قابل ذکر اقدامات نہیں کرسکی ہے۔

پاکستان کے دیگر صوبوں کو سندھ حکومت کی طرز پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کرنا ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت محدود وسائل اور اختیارات کے باوجود صوبے کے عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ پیپلز پارٹی کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی پر حکومت کی نااہلی کو ہر فورم پر بے نقاب کرتی رہے گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top