جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

لوڈشیڈنگ کا بحران موجودہ حکومت کا پیدا کردہ نہیں، ملک کو دلدل سے نکالیں گے : احسن اقبال

30 جون, 2022 12:54

اسلام آباد : وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان بدعنوانی ثابت نہیں کر سکے تو خاموش رہیں، لوڈشیڈنگ کا بحران موجودہ حکومت کا پیدا کردہ نہیں، ملک میں گیس نہیں ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناروال اسپورٹس سٹی کیس میں پیش ہوا۔ پچھلے ڈیڑھ سال سے نیب گردی کے خلاف جدوجہد جاری ہے۔ نیب گرفتاری سے لے کر آج تک یہ بتانے سے قاصر ہے میرا جرم کیا تھا؟

انہوں نے کہا کہ کل بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوال کیا احسن اقبال کے خلاف کیس کیا ہے؟ نیب کو چیلنج کرتا ہوں ایک روپیے کی بھی کرپشن ثابت کریں۔ عمران خان اور شہزاد اکبر کے دور میں بھی چیلنج کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا ہے، ضرورت پڑی تو کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیں گے: امتیاز شیخ

ان کا کہنا تھا کہ بتیس سو ارب میں سے بتیس روپے کی بھی کرپشن ثابت کرو، ہم قومی جرم ہوں گے۔ ایک بھی مالی بدعنوانی کا مقدمہ قوم کے سامنے پیش نہیں کرسکے۔ کہانیاں بنا بنا کر قوم اور ملک کا وقت اور پیسہ ضائع کیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان سے کہتا ہوں کہ بدعنوانی ثابت نہیں کر سکے تو خاموش رہیں۔ حالیہ بحران موجودہ حکومت کے نہیں ہیں۔ جب گیس انتہائی سستی تھی تو لینے میں سابقہ حکومت ناکام رہی۔ ملک میں گیس نہیں ہے، خریداری کے لیے 8 ماہ پہلے کارروائی کی جاتی ہے۔

لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کا بحران موجودہ حکومت کا پیدا کردہ نہیں ہے، پی ٹی آئی حکومت نے چار سال میں مسائل پیدا کئے۔ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کو اس دلدل سے نکالیں گے، جس میں آپ پھینک کر گئے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top