جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پاکستان آرمی تمام چیلنجز سے آگاہ ہے اور نبرد آزما ہونے کیلئے تیار ہے: آرمی چیف

20 اگست, 2021 20:25

کاکول: جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوششوں پر خاموش نہیں رہ سکتے، مستقبل کی جنگ میں غیر روایتی انداز جنگ کا اہم کردار ہوگا، پاکستان آرمی تمام چیلنجز سے آگاہ ہے اور نبرد آزما ہونے کیلئے تیار ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا، آرمی چیف فورتھ پاکستان بٹالین کو پرچم عطا کرنے کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ آج کا دن ملٹری اکیڈمی جیسے عظیم ادارے کی تعمیر میں سنگ میل ہے، پاکستان ملٹری اکیڈمی کا شمار دنیا کے بہترین اداروں میں ہوتا ہے، مشکلات کے باوجود پاکستان اقوام عالم میں مضبوط، ترقی کرتا ملک ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ فورتھ پاکستان بٹالین نے 5سال قبل قیام سے اب تک شاندار کارکردگی دکھائی ہے،

آپ کا وطن کیلئے عہد پاکستان دشمنوں کے دلوں میں خوف کی علامت ہے، مشکلات کے باجود آج کا پاکستان اقوام عالم میں مضبوط اور ترقی کرتا ہوا پاکستان ہے، اگست کا مہینہ ہمیں آزادی کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں اور تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے محنتی جوان ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں، دنیا کی کوئی طاقت ایک متحد قوم کو کسی قسم کی تکلیف نہیں پہنچا سکتی، ہر چیلنج کے بعد ہم مزید مضبوط بن کر ابھرے، ہم نے دہشت گردی پر قابو پا کر وطن کی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا، پاکستان قومی، علاقائی امن اور ترقی کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان افغانستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، آرمی چیف سے افغان سیاسی وفد کی ملاقات

انہوں نے کہا کہ افغانستان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششیں خطے کے پُرامن قیام کیلئے ہیں، عالمی برادری پر مسلسل واضح کیا کہ وہ افغانستان کے پُرامن حل کیلئے کردار ادا کرے، پاکستان نے افغانستان میں بدامنی کی بھاری قیمت ادا کی ہے، پاکستان نے 4 دہائیوں سے 30 لاکھ سے زیادہ افغانیوں کو پناہ دی، پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوششوں پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سازشیں کرنے والے وہی ہیں جو علاقائی امن میں رکاوٹ ہیں، ہم افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے،

افغانستان میں امن خطے اور بالخصوص افغانستان کے لوگوں کیلئے اشد ضروری ہے، آزادی کے اس مہینے میں ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھول سکتے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بدترین ریاستی دہشت گردی اور استحصال کا شکار ہیں، یقین دلاتا ہوں پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ہمیشہ کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، مستقبل میں آپ کو کئی چیلنجز کا سامنا رہے گا، دشمن قوتیں ہائبرڈ وار کے ذریعے ریاست کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کی نوعیت مسلسل بدل رہی ہے، مستقبل کی جنگ میں غیر روایتی انداز جنگ کا اہم کردار ہوگا، پاکستان آرمی تمام چیلنجز سے آگاہ ہے اور نبرد آزما ہونے کیلئے تیار ہے، ٹیکنالوجی اور مخصوص صلاحیتوں پر توجہ دے کر وطن کے دفاع کو یقینی بنائیں گے، مضبوط افواج ہی دفاع وطن کی ضمانت ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top