جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

شہباز شریف کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں تیزی سے کورونا وباء پھیلنے پر تشویش کا اظہار

29 اپریل, 2020 13:02

لاہور : شہباز شریف نے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج ظلم کی انتہاء کررہی ہیں، دوسری جانب یہ اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں کہ خطے میں سب سے تیزی سے کورونا وباء مقبوضہ جموں وکشمیر میں پھیل رہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے جاری بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جرات اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کشمیری 7 دہائیوں سے زائد عرصہ سے بھارتی ظلم واستبداد کا اپنے آہنی عزم کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی قانون کے لئے کھلا چیلنج ہے۔ عالمی اداروں کی ساکھ اس وقت تک بحال نہیں ہوگی جب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا جمہوری اور قانونی حق مل نہیں جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کشمیریوں کو کسی قسم کی طبی، مالی اور غذائی امداد حاصل نہیں : وزیر اعظم

ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 سے مودی کی بربریت اور ظلم کا ایک نیا بھیانک دور شروع ہوا ہے۔ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاون، کمیونیکیشن بلیک آوٹ اور دیگر غیرانسانی اور عالمی قانون کے صریحا خلاف قدغنیں جاری ہیں۔ کشمیری عوام کی جائیدادیں ہتھیائی اور ریاستی دہشت گردی سے زندگیاں چھینی جارہی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک طرف قابض بھارتی افواج ظلم کی انتہاءکررہی ہیں تو دوسری جانب یہ اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں کہ خطے میں سب سے تیزی سے کورونا وباء مقبوضہ جموں وکشمیر میں پھیل رہا ہے۔

قائد حزب اختلاف نے او آئی سی، عالمی اداروں اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ کشمیروں پر ہونے والے ظلم کا نوٹس لیں، انہوں نے کشمیری رہنماؤں کی رہائی اور کشمیری عوام سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top