جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

قومی اسمبلی میں آرمی ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور

07 جنوری, 2020 21:03

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے بھی تینوں بلوں کو متفقہ طور پر منظور کیا، ترمیم کا بل کل ایوان بالا میں پیش کیا جائےگا۔

قومی اسمبلی نے بری۔ بحری ۔ اور فضائی افواج کے قوانین میں ترمیم کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا، قومی اسمبلی کا اجلاس اسپکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا۔

قومی اسمبلی کی کائمہ کمیٹی کے چیئرمین نے آرمی، نیوی اور ایئرفورس سے متعلق ترمیمی بل پیش کیے، وزیرِ دفاع پرویز خٹک کی درخواست پر پیپلز پارٹی رہنما نوید قمر نے سفارشات واپس لینے کا اعلان کیا۔

وزیرِ دفاع نے سروسز ایکٹ ترمیمی بل ایوان میں پیش کرنے کی تحریک پیش کی، ایوان نے رائے شماری کے بعد تحریک منظور کی۔ ترمیمی بل کی شق وار منظوری عمل میں لائی گئی، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی ایوان میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزراء اور معاونین نے آرمی ترمیم ایکٹ کی منظوری کو سیاسی بردباری قرار دیدیا

جے یو آئی ف، جماعت اسلامی اور پی ٹی ایم کے ارکان نے کارروائی سے علیحدہ ہوتے ہوئے واک آؤٹ کردیا، تاہم حزب اختلاف کی بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے بل کی حمایت کی۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے تینوں مسلح افواج سے متعلق سروسز ایکٹ میں ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کئے تھے۔

ایوان بالا میں بھی پاک آرمی ترمیمی ایکٹ بل دو ہزار بیس پیش کر دیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے تینوں بل قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے سپرد کیے جہاں تینوں بل متفقہ طورپرمنظورکرلیے گئے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کہتے ہیں کہ کسی جماعت کی طرف سے کوئی ترمیم کی تجویز پیش نہیں کی گئی۔

ایوان بالا کا اجلاس بدھ کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا، تینوں بلوں کی ایوان بالا سے متفقہ طور پر منظوری کی بھرپور توقع کی جارہی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top