جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سندھ میں کورونا سے عوام ڈپریشن کا شکار، بے روزگار افراد خودکشی کی جانب مائل

17 جولائی, 2021 12:33

کراچی : سندھ میں کرائی گئی تحقیق کے مطابق کورونا نے شہریوں کو ڈپریشن کا مریض بنا دیا، 62 فیصد افراد بے روزگار ہوگئے، کئی افراد خودکشی کی جانب مائل نظر آئے۔

سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے کورونا وباء کے ذہنی صحت پر اثرات پر کی گئی تحقیق میں حیرت انگیز انکشافات سامنے آگئے۔ رپورٹ کے مطابق 42 فیصد افراد ڈپریشن کے مرض میں پائے گئے، جن میں سے 25 فیصد افراد خودکشی کی جانب مائل نظر آئے۔

تحقیق کے دوران مجموعی طور پر 62 فیصد افراد کے بے روزگار ہونے کا انکشاف ہوا، دیہی آبادی کے 81 فیصد جبکہ شہری آبادی کے 43 فیصد افراد متاثر ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں مزید 2 ہزار 783 افراد مہلک وباء کورونا سے متاثر

مشکل حالات میں 36 فیصد افراد نے دیگر لوگوں سے پیسے ادھار لیے، 21 فیصد افراد اپنی جائیدادیں، مال اور مویشی فروخت کرنے پر مجبور ہوئے۔ 76 فیصد افراد کو احساس یا دیگر سرکاری پروگرامز کے تحت کوئی مالی مدد نا مل سکی۔

سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق صوبے سے مجموعی طور پر 14 سو 94 افراد تحققیق کا حصہ بنے، جن میں 48 فیصد مرد جبکہ 52 فیصد خواتین شامل ہیں۔

سروے مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے تحت مختلف این جی اوز اور اداروں کی معاونت سے مئی تا جون 2021 کے درمیان 12 اضلاع میں کیا گیا، شہری اور دیہی آبادی سے چھ چھ اضلاع منتخب کیے گئے۔

ہینڈز، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، جامعہ کراچی، ذوالفقار علی بھٹو لاء کالج اور ایدھی فاؤنڈیشن نے تحقیق میں حصہ لیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top