جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پاکستانی قوم کا عجیب و غریب اجتماعی مزاج

13 دسمبر, 2021 15:59

آج صبح آفس آتے ہوئے ایک کشادہ سڑک پر ٹریفک جام ملا ۔ حیرت ہوتی اگر وہ کوئی پرہجوم شاہراہ ہوتی یا  پھرچھوٹی روڈ ہوتی مگر وہ بڑی شاہراہ تھی اور وہاں کبھی کوئی ٹریفک جام نہیں ہوتا۔ خیر ہم کوشش کرتے کرتے آگے پہنچے جس میں 8 ،10 منٹ لگ گئے  ۔ذہن میں یہ تھا کہ کوئی حادثہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سےٹریفک جام کا مسئلہ ہوا ہے ۔

بہرحال جب ہم جائے حادثے پر پہنچے تو کیا دیکھا کہ ایک گاڑی والا اور ایک بائیک والا لڑرہا تھا ۔بائیک والے نے ہلکا سا گاڑی کو ہٹ کیا تھا جس کی وجہ سے گاڑی کی سائیڈپر ایک ڈینٹ پڑگیا تھا ۔ایک ہلکے سے ڈینٹ پر گاڑی والے نے عجیب دھما چوکڑی مچائی ہوئی تھی اور اگر صرف بائیک والا اور گاڑی والے اس معاملے پر مکالمہ کرتے تو بات الگ تھی مگر ایک ہجوم اس منظر کو دیکھنے میں محو تھا۔ درجنوں موبائل فون سے ویڈیو بنائی جارہی تھی اور سونے پہ سہاگہ عوام اپنی گاڑیاں چھوڑکر اور بائیک بیچ روڈ پر پار کرکے قریب سے یہ منظر ملاحظہ فرما رہےتھےاور پورا ٹریفک بلاک کر بیٹھے تھے۔

 

یہ مزاج تقریباً پوری پاکستانی قوم  کا بن گیا ہے اور انھیں بس موقع چاہیئے اپنا اور دوسرے کا وقت ضائع کرنے کا اور پھر یہ قوم ہے اور فراغت کے مختلف نظارے ہیں۔ سڑک پر کوئی واقعہ ہوجائے تو مدد کے بجائے ویڈیو بناتے ہیں ، اگر جھگڑا ہو تو چھڑوانے کے بجائے مزے لئے جاتے ہیں ۔

ایک یا دو بندے بائیک روک کر پُل سے نیچےدیکھتے ہیں تو یہ تجسس سے لبالب عوام آہستہ آہستہ بائیک، گاڑیاں اور رکشہ روک کر باجماعت پل سے نیچے دیکھنے لگتے ہیں، آپ ذرا خود تجربہ کرکے دیکھئے ۔ اس طرح کے منظر جا بجا دیکھنے کو ملیں گے۔ موبائل پر بھی یہ بس ایسے ہی کام کرتے ہیںجو فراغت کا پیش خیمہ ہو۔ جس میں تنقید برائے تنقیدہو ، جیسے کسی کو کافر قرار دینا، کسی کو بے دین بولنا، کسی کے کپڑے کو دیکھ کر فحاش کہنا ، کسی کو غدار کہنا اور اس طرح کے بہت سے ایسے کام ہے جو اس قوم کی فراغت کی اعلی ترین مثالیں ہیں۔

 

پاکستانی قوم

پاکستانی قوم  میں فراغت کی دوسری مثالیں بھی ہیں،جیسے کسی کی تاک میں لگے رہنا، آگ لگانا ، لگائی بجھائی کرنا، بڑھا چڑھا کر بولا، غیبت کرنا، اپنے گھر میں پکی کھچڑی کا پتا نہیں ہوتا البتہ بات کرتے ہیں دنیا کی سازشوں کی۔

 

اس بارے میں پڑھیں :واٹس اپ برادری کی پھرتیاں

 

کوئی چھوٹی بیماری آتی ہے تو  وہ موسم کی خرابی ہوتی ہے اور کوئی بڑی عالمی وباء آتی ہے تو وہ یہودیوں کی سازش قرار دی جاتی ہے، پولیو ڈراپ بھی نا مردی کی سازش مانی جاتی ہے، الغرض جوعمل ان کے کُند ذہنو ں میں نہ آئے وہ سازش ہے وہ سراسر جھوٹ ہےاور قوم و مسلمانوں کے خلاف سازش ہے۔

 

پاکستانی قوم

بحثیت مجموعی ہماری قوم کے مزاج میں فراغت سرائیت کرگئی ہے۔ فراغت مطلب بلافضول اور بنا مقصد وقت گزارنا ، اب سوچیئےہم اپنی فراغت میں قوم کو کیسے کیسے شامل کر لیتے ہیں۔بلکہ ہم تو یہ کہ سکتے ہین کہ ہم تو سپر لیٹیو فراغت کے درجے پر فائز ہوگئے ہیں۔

 

نوٹ : جی ٹی وی نیٹ ورک اور اس کی پالیسی کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
[simple-author-box]

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top