جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سانحہ ماڈل ٹاؤن : عوامی تحریک کی جج کو سماعت سے روکنے کی منفرد درخواست

17 جون, 2022 12:56

لاہور : عوامی تحریک کی جج کو سماعت سے روکنے کی درخواست پر عدالت نے انتہائی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی درخواستیں بظاہر بدنیتی کو ظاہر کرتی ہیں۔

لاہور انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقدمے میں تین پولیس افسروں کی بریت کی درخواستوں پر جج اعجاز احمد بٹر نے سماعت کی۔

عوامی تحریک کے وکیل وکیل جواد حامد نے کہا کہ آپ کی بطور جج تعیناتی کی مدت چند دن میں ختم ہو رہی ہے۔ ایسے حالات میں یہ درخواست دی ہے کہ آپ بریت کی درخواستوں پر سماعت روک دیں۔

فاضل جج نے عدالت کو سماعت سے روکنے کی جواد حامد کی درخواست پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وکیل صاحب، کیا اب عوامی تحریک عدالتوں کو کنٹرول کرے گی؟ کوئی ایک قانون بتائیں، جس کے تحت ایسی درخواست دی جا سکتی ہے۔

جج نے کہا کہ یہاں آپ سماعت روکنے کی درخواستیں دیتے ہیں، میڈیا پر جا کر کہتے ہیں کہ فیصلہ نہیں ہو رہا ہے۔ باہر میڈیا میں اس عدالت کا میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے۔ آپ کیس کو خود نہیں چلنے دے رہے، اس درخواست کے پیچھے آپ کا کیا مقصد ہے؟

عدالت نے کہا کہ عدالت آپ کی درخواست کو ابھی وصول ہی نہیں کر رہی ہے۔ ملزمان کے وکیل برہان معظم ملک ایڈووکیٹ نے سماعت روکنے کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس درخواست سے بڑی عوامی تحریک کی بدنیتی نہیں ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قوم سانحہ ماڈل ٹاؤن کبھی بھلا نہیں سکتی : شبلی فراز

وکیل کے مطابق عوامی تحریک خود سپریم کورٹ سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹرائل کارروائی کرنے کا حکم لے کر آئی۔ آج عوامی تحریک ٹرائل پر کارروائی روکنے کی اور عدالت کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

وکیل صفائی نے کہا کہ پولیس افسران کیخلاف کیخلاف دہشتگردی کا کیس ہی نہیں بنتا، وہ ڈیوٹی پر موجود تھے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ عدالت پولیس آرڈر 172 کو اس مرحلے پر استعمال کر سکتی ہے؟

جس پر وکیل نے کہا کہ پولیس آرڈر 172 میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ عدالت یہ اختیار بالکل استعمال کر کے استغاثہ خارج کر سکتی ہے۔

عدالت نے کہا کہ بریت کی درخواستوں پر بحث مکمل ہو چکی ہے، آج ہی فیصلہ جاری کریں گے۔ مستغیث جواد حامد کی ایسی درخواستیں بظاہر بدنیتی کو ظاہر کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ سابق آئی جی مشتاق سکھیرا، ڈی آئی جی آپریشنز رانا عبدالجبار اور ایس ایس پی طارق عزیز نے بریت کی درخواستیں دائر رکھی ہیں۔ سابق ٹی ایم او علی عباس نے بھی بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top