جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا مسترد

24 ستمبر, 2019 15:00

اسلام آباد:  پاکستان نے مقبوضہ جموں کشمیر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والے بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی کوششوں کے باعث مسئلہ کشمیر انسانی حقوق کونسل جنیوا کے اجلاس میں زیر بحث آیا، جہاں کامیابی کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں پچاس سے زائد ممالک نے بھارت سے کرفیو اٹھانے اور لاک ڈاؤن ختم کرنےاور پیلٹ گنز کا استعمال بند کرنے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں کوئی ووٹنگ ہی نہیں ہوئی ہے،اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں ووٹنگ کے حوالے سے خبریں محض قیاس آرائیاں اور جھوٹ پر مبنی ہیں اور سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کا مقصد جنیوا میں پاکستان کی کامیاب مہم کو کمزور کرنا ہے۔

اس سے قبل آنے والے بیان میں پاکستانی دفترِ خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالاکوٹ میں شدت پسندوں کا کوئی کیمپ موجود نہیں ہے، بھارت عالمی برادری کی توجہ کشمیر کی صورتحال سے ہٹانا چاہتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سےعالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، لیکن بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا ہے۔ ایسے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی سرپرستی میں خلاف ورزیاں چھپ نہیں سکتیں ہیں، 2019 میں بھارت نے فائر بندی کی متعدد بار خلاف ورزی کی، ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں سے 26 شہری شہید، 124 زخمی ہوئے ہیں، بھارت نے ایل او سی پر جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنایا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت یو این فوجی مبصر گروپ کو وادی میں نہیں جانے دے رہا ہے، جبکہ یو این فوجی مبصر گروپ آزاد کشمیر میں کہیں بھی آزادی سے جاسکتا ہے۔

پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کے ردعمل میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارت کے جارحانہ عزائم، اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں، عالمی برادری غیر ذمہ دارانہ اقدام سے روکنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے اور بھارت کو کشمیریوں پر ظلم و بربریت سے روکے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top