جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

امریکا کو اڈے نہ دینے کا فیصلہ ملکی مفاد میں کیا: وزیر خارجہ کا اہم بیان

28 جون, 2021 11:33

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ایف اے ٹی ایف، افغانستان کی صورتحال اور جنوبی پنجاب سیکریٹیریٹ کے حوالے سے اہم بیان،

کہا کہ اڈے دینے سے انکار ہم نے ملکی مفاد میں کیا، ہم آئندہ بھی جو فیصلے کریں گے وہ ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کریں گے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف، افغانستان کی صورتحال اور جنوبی پنجاب سیکریٹیریٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ گفتگو میں اس حوالے سے تبادلہ ء خیال کر چکا ہوں، اور انہیں اپنی تشویش سے آگاہ کر چکا ہوں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے اپنا موقف پوری قوم کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ ہندوستان، ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہا ہے۔ ایف اے ٹی ایف ایک تکنیکی فورم ہے اسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایف اے ٹی ایف کا مقصد، منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کو روکنا ہے تو ہمارا بھی یہی حدف ہے۔ ہم اپنے مفاد کے پیش نظر، منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کو روکنے کیلئے آگے بڑھتے رہیں گے۔ یہاں فاٹف اور ہماری سوچ یکجا ہے وہ اپنے طور پر کام کر رہے ہیں اور ہم اپنے مقاصد کے تحت اس پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں میں، ہمیں ایف اے ٹی ایف کی جانب سے جو پروگرام دیا گیا اس پر عملدرآمد بہت مشکل تھا لیکن ہم نے کیا۔ ہم نے چودہ قوانین میں ترامیم کیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں صورتحال بگڑی تو پاکستان متاثر ہوگا، مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔: وزیر خارجہ

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ اور انتظامیہ اپنا اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، ہماری مقننہ نے اپنا ذمہ ادانہ کردار ادا کیا ہے۔ میں ایک بات واضح کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ ہم نے فیٹف کے معاملات کو سلجھانے کیلئے جو کچھ کیا وہ ملکی مفاد میں کیا۔ اڈے دینے سے انکار ہم نے ملکی مفاد میں کیا، ہم آئندہ بھی جو فیصلے کریں گے وہ ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کریں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں افغانستان کے ساتھ ہماری تجارت دوگنی ہو۔ افغانوں کے فیصلے ہم نہیں کر سکتے، ہم ان کے فیصلوں کا احترام کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب کا بجٹ، جنوبی پنجاب کی ترقی پر خرچ ہو۔ جنوبی پنجاب سیکریٹیریٹ کا سنگ بنیاد وزیر اعظم عمران خان رکھ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل میری ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب اور دیگر سیکریٹریز جنوبی پنجاب کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی، مجھے پورا شیڈول دکھایا گیا جس کے مطابق جنوبی پنجاب سیکریٹیریٹ کیلئے 63 ایکٹر زمین کی منتقلی مکمل ہو چکی ہے انشاءاللہ اگست کے پہلے ہفتے میں جنوبی پنجاب سیکریٹیریٹ کا عملی طور پر کام شروع ہو جائے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top