جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

یہاں طاقتور قانون کے نیچے نہیں آتا، پی ڈی ایم جیسے اتحاد بناتا ہے : وزیر اعظم

21 اپریل, 2021 13:47

نوشہرہ : وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں کو قانون کی بالادستی سمجھ نہیں آرہی ہے، یہاں طاقتور قانون کے نیچے نہیں آتا، پی ڈی ایم جیسے اتحاد بناتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے نوشہرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو منصوبے کی مبارکباد دیتا ہوں۔ اس منصوبے سے کم آمدنی والے کو اپنا گھر میسر آئے گا۔ پہلی بار کم آمدن والے افراد کے لیے کوششیں ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی پہچان امیر لوگوں کے رہن سہن سے نہیں ہوتی، بلکہ کمزور طبقے کی زندگی سے ہوتی ہے۔ ریاست مدینہ میں قانون کی بالادستی قائم ہوئی ہے۔ قانون کی بالادستی کا مطلب طاقتور کو قانون کے تابع کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں کچھ لوگوں کو قانون کی بالادستی سمجھ نہیں آرہی ہے۔ یہاں طاقتور قانون کے نیچے نہیں آتا، پی ڈی ایم جیسے اتحاد بناتا ہے۔ شوگر مافیا لوگوں کو مہنگی چینی بیچ کر منافع کمارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کا خطاب طعنوں اور نفرت پر مبنی تھا : احسن اقبال

وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت ہر گھر کیلئے 3 لاکھ روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ بینکوں سے معاہدہ  کیا ہے کہ شرح منافع 3 فیصد ہو۔ بینکوں کے سربراہان سے کہتا ہوں اپنے عملے کو ٹریننگ دیں۔ ہماری آبادی بڑھتی جارہی ہے اور شہر پھیلتے جارہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری اسکیم اب چل پڑی ہے۔ دیر اس لیے لگی بینک قرضے دینے کے لیے تیار نہیں تھے۔ قانون آگیا ہے اب بینکوں کو پروٹیکشن مل گئی ہے۔ کوشش ہے غریب لوگوں کو حکومت پوری پروٹیکشن دے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ پر خیبرپختونخوا حکومت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ امیر ترین ممالک میں بھی ہیلتھ انشورنس نہیں ہے۔ شوکت خانم اسپتال اس لیے بنایا تھا کہ کینسر کا علاج بہت مہنگا تھا۔ غریب آدمی علاج کے لیے اپنے گھر تک بیچ دیتا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top