جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

صنعتوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ورنہ صنعت کاروں کیساتھ مل کر احتجاج کرینگے: ناصر شاہ

25 جون, 2021 11:22

کراچی: ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ صنعتوں کو گیس کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے، ورنہ سندھ حکومت صنعت کاروں اور مزدوروں کے ساتھ مل کر احتجاج کرے گی۔

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ میں صنعتوں کیلئے گیس کی بندش تشویشناک عمل ہے، ملک کی معاشی رگ کاٹی جا رہی ہے، سندھ میں صنعتوں کی پیداواری سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئی ہیں، پانی کے بعد وفاق نے سندھ کی گیس پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ گیس کی بندش سے کراچی میں کئی صنعتوں کو تالے لگ گئے ہیں، صوبے میں صنعتی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے کی سازش کی جا رہی ہے، سندھ میں پانی، گیس، بجلی کی بندش کر کے وفاقی حکومت آخر کیا چاہتی ہے؟۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز گل سندھ حکومت پر بات کرکے وفاق کی نااہلی کو نہیں چھپا سکتے : ناصر شاہ

ان کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں نے ملک میں گرمیوں میں بھی گیس کا مصنوعی بحران پیدا کردیا ہے، نہ جانے کون سے اے ٹی ایمز کو فائدہ پہنچانے کیلئے صنعتوں کو تالے لگوائے جا رہے ہیں، معیشت میں بہتری کے دعوے کرنے والوں نے کراچی کی صنعتیں بند کردیں، کہاں ہیں کراچی کے جعلی دعویدار؟۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جعلی دعویدار کراچی کے اہم معاملات پر خاموش کیوں ہیں؟، وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ صنعتوں کو گیس کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے، ورنہ سندھ حکومت صنعت کاروں اور مزدوروں کے ساتھ مل کر احتجاج کرے گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top