جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ

05 اکتوبر, 2021 13:06

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

الیکشن کمیشن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور چیف کمشنر عامر احمد علی پیش ہوئے،

اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی اداروں کی مدت فروری 2021 میں مکمل ہوچکی ہے۔ الیکشن کمیشن 120 دنوں کے اندر بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے۔

سیکریٹری کے مطابق الیکشن کمیشن اس حوالے سے سیکریٹری داخلہ اور چیف کمشنر کو کئی بار خط لکھ چکا ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ سے متعدد بار نقشہ جات اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق دستاویزات مانگی گئیں۔

سیکریٹری نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی حلقہ بندیوں اور یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے سے متعلق آگاہ کیا، وزارت داخلہ نے کافی وقت گزرنے کے باوجود بھی اقدامات نہیں کیے۔

ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا کہ وفاقی حکومت کو پابند بنایا جائے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے جلد از جلد انتخابات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ڈیڈ لائن دینے کا فیصلہ

سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اسلام آباد کے بلدیاتی اداروں کو مزید اختیارات دینے کے لیے نیا قانون بنا رہی ہے، جس پر ممبر بلوچستان الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس میں کتنا مزید وقت لگے گا؟

سیکریٹری داخلہ نے جواب دیا کہ سیکریٹری وزارت قانون سے رابطہ میں ہوں، 6 ماہ تک بلدیاتی انتخابات ہوجائیں گے۔ ممبر سندھ الیکشن کمیشن نے کہا کہ پہلے آپ نے ایک ماہ کہا تھا اور آج 6 ماہ کی بات کررہے ہیں۔ سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ قانون سازی میں وقت لگتا ہے، وفاقی کابینہ نے نئے قانون کی منظوری دے دی ہے۔

ممبر بلوچستان نے کہا کہ آپ الیکشن کمیشن کو ٹائم لائن دے دیں۔ سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ جان بوجھ کر تاخیر نہیں کررہے، آپ جو بھی ہدایات دیں گے، وفاقی حکومت تک پہنچا دونگا۔

ممبر سندھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق جلد فیصلہ جاری کریگا۔ ڈی جی لا نے کہا کہ اسلام آباد کے نئے بلدیاتی قانون میں لکھا ہے کہ بل کی منظوری کے بعد مزید 6 ماہ درکار ہونگے۔

ممبر بلوچستان نے کہا کہ آپ 6 ماہ قانون سازی کے لیے مانگ رہے ہیں اور 6 ماہ آپ کو بعد میں بھی درکار ہونگے۔

الیکشن کمیشن نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top