مقبول خبریں
30 کروڑ کورونا ویکسین ڈوز خریدنے کی ڈیل کرلی : ڈاکٹر فیصل سلطان
اسلام آباد : معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا ہے کہ حکومت تحفے کی ویکسین پر انحصار نہیں کررہی، ہم نے 30 کروڑ ویکسین ڈوز کی ڈیل کرلی ہے، تین کمپنیوں سے ویکسین خرید رہے ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو دیگر شہروں میں بھی لاک ڈاوَن لگایا جاسکتا ہے۔ کورونا سے نمٹنے کے لیے پاک فوج تعاون فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ این سی او سی میں ملک کے شہروں کی صورتحال آتی ہے۔ پاکستان اسٹیل مل آکسیجن پلانٹ کی بحالی اور صورتحال کا ابھی بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ ہر روز ہیلتھ کیئر سسٹم کی صلاحیت بڑھا رہے ہیں۔ ویکسین کا معاملہ بہت شفاف ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک میں کورونا مزید ایک سو بیالیس افراد کی جان لے گیا
ان کا کہنا تھا کہ کہا جارہا ہے حکومت تحفہ میں دی گئی ویکسین پر انحصار کررہی ہے، جو غلط ہے۔ 30 مارچ سے ہم مختلف کمپنیوں سے ویکسین کی خریداری کررہے ہیں۔ ہم نے 30 کروڑ ویکسین ڈوز کی ڈیل کرلی ہے۔ تین کمپنیوں سے ویکسین خرید رہے ہیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ دنیا بھر میں ویکسین کی کمی کا سامنا ہے۔ کئی ممالک کو ایڈوانس بکنگ کے باوجود ویکسین فراہم نہیں ہوسکی۔ ویکسین کی ڈیمانڈ زیادہ اور سپلائی کم ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ایک ہزار 200 سے زائد ویکسی نیشن سینٹرز قائم ہیں۔ ملک بھر میں 20 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے۔ گزشتہ روز 88 ہزار لوگوں کو ویکسین لگائی گئی۔ اتوار کو ویکسی نیشن سینٹرز کھلے ہوتے ہیں اور جمعہ کو بند رہتے ہیں۔ عید سادگی سے گزارنا ہوگی، ماسک اور ایس او پیز کا خیال رکھنا ہوگا۔