جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

تحریک لبیک کے ساتھ سمجھوتے کے بعد مخدوش صورتحال کا خاتمہ ہوا : راجہ بشارت

20 اپریل, 2021 15:23

لاہور : وزیر قانون پنجاب کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں اپوزیشن کا سیاست چمکانا قابل مذمت ہے، تحریک لبیک کے ساتھ سمجھوتے کے بعد مخدوش صورتحال کا خاتمہ ہوا۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے تحریک لبیک کے ساتھ سمجھوتے پر جاری بیان میں کہا ہے کہ معاملات طے پانا ملک وقوم کے لیے خوش آئند ہے۔ سمجھوتے کی بدولت چند دنوں سے پائی جانے والی مخدوش صورتحال کا خاتمہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو آمدورفت اور نقل و حمل کے حوالے سے موجود شدید مشکلات ختم ہوئی ہیں۔ ختم نبوت پر پختہ عقیدے کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ وزیراعظم عمران خان واحد سربراہ جنہوں نے توہین رسالت کا مسئلہ پہلے بھی موثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم سے شیخ رشید کی ملاقات، مذاکرات سے متعلق بریفنگ

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عقیدہء ختم نبوت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ ٹی ایل پی کے ساتھ جو فیصلے ہوئے ہیں ان پر فریقین ہر ممکن عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

راجا بشارت نے کہا کہ ایسے مشکل حالات میں اپوزیشن کا سیاست چمکانا ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ ختم نبوت کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ ہمارے دین اورایمان کا لازمی جزو ہے۔ ٹی ایل پی کے ساتھ حکومتی سمجھوتے نے بعض سیاستدانوں کا ملک دشمن ایجنڈا ناکام بنادیا ہے۔

صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں قانون کی عملداری کو مقدم سمجھا جاتا ہے۔ اپوزیشن کو ملک و قوم کی سلامتی کے خلاف کسی بھی مسئلہ پر حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top