جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

صدر پیوٹن کے قریبی ساتھی کی بیٹی کے قتل میں یوکرین کا ہاتھ ہے : امریکی انٹیلی جنس

06 اکتوبر, 2022 10:36

نیو یارک : امریکی انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ صدر پیوٹن کے قریبی ساتھی کی بیٹی کے قتل میں یوکرینی حکام کا ہاتھ ہے۔

نیو یارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا خیال ہے کہ یوکرین کے سرکاری افراد نے رواں سال اگست میں ماسکو کے قریب کار بم حملے کی اجازت دی تھی۔ جس میں ایک ممتاز روسی قوم پرست اور صدر پیوٹن کے قریبی ساتھی کی بیٹی دریا ڈوگینا کی موت ہوئی تھی۔

امریکی حکام نے یہ نہیں بتایا کہ یوکرائنی حکومت کے کن عناصر کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ انہوں نے اس مشن کی اجازت دی، کس نے یہ حملہ کیا، یا صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس پر دستخط کیے تھے یا نہیں۔

یوکرین کی حکومت نے اس وقت ملوث ہونے کی تردید کی تھی، اور جب ان سے امریکی انٹیلی جنس تشخیص کے بارے میں پوچھا گیا تو زیلینسکی کے مشیر میخائیلو پوڈولیاک نے ان تردیدوں کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگینا جیسا کوئی فرد یوکرین کے لیے حکمت عملی یا تزویراتی ہدف نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اب تک دو لاکھ سے زائد افراد فوج میں رضاکارانہ شامل ہوگئے : روسی وزیر دفاع

نیو یارک ٹائمز نے کہا کہ امریکہ نے اس حملے میں کوئی حصہ نہیں لیا، اسے اس کے بارے میں پہلے سے کوئی علم نہیں تھا اور اس کے بعد یوکرائنی حکام کو نصیحت کی گئی۔ اگر امریکہ اس منصوبے سے آگاہ ہوتا تو وہ اس قتل کی مخالفت کرتا۔

ڈوگینا کے والد، الیگزینڈر ڈوگین، ایک ممتاز الٹرا نیشنلسٹ اور یوکرین میں روس کی جنگ کے کٹر حامی ہیں، اور کچھ کا خیال ہے کہ وہ مطلوبہ ہدف تھے۔ روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈوگین نے دھماکے سے کچھ دیر قبل اپنی بیٹی کے ساتھ کار تبدیل کی تھی۔

نیو یارک ٹائمز نے کہا کہ روس نے اس قتل پر کوئی خاص جوابی کارروائی نہیں کی ہے، لیکن امریکہ کو تشویش ہے کہ اس طرح کے حملے ماسکو کو یوکرائن کے سینیئر اہلکاروں کے خلاف خود حملے کرنے پر اکسا سکتے ہیں۔

روس کی انٹیلی جنس ایجنسی، ایف ایس بی نے کہا ہے کہ دھماکے کے پیچھے ایک یوکرائنی خاتون تھی، جو جولائی میں روس میں داخل ہوئی اور ڈوگینا کے قریب ایک اپارٹمنٹ کرائے پر لیا۔ وہ خاتون واقعے کے بعد ملک سے فرار ہوگئی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top