جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ہماری معیشت کا جس طرح قتل کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی: عمران خان

15 نومبر, 2022 18:31

لاہور: عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری معیشت کا جس طرح قتل کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، ہم 5 سے 64.5فیصد پر گئے، دنیا پاکستان کو قرض کی فراہمی میں اب رسک نہیں لینا چاہتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا حقیقی آزادی مارچ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مارچ میں شرکت کرنے والے پاکستانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، آج پاکستان کا بیرونی قرض رسک 64.5 فیصد ہوگیا، ہماری معیشت کا جس طرح قتل کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، ہم 5 سے 64.5فیصد پر گئے، دنیا سمجھتی ہے پاکستان کی معیشت کمزور ہوگئی، دنیا پاکستان کو قرض کی فراہمی میں اب رسک نہیں لینا چاہتی، پاکستان کا 64.5 فیصد رسک دیکھتے ہوئے بیرونی سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال میں ان 2خاندانوں نے پاکستان کا قرض 4 گنا بڑھایا، پاکستان خدانخواستہ ڈیفالٹ ہوجائے تو دنیا ہماری امداد بند کردے گی، پاکستان کی دولت میں اضافہ کرنا ہے تو سرمایہ کاری لانی چاہیے، ڈیفالٹ کی طرف جاتے ہیں تو سرمایہ کاری کوئی نہیں کرے گا، چوروں کو مسلط کرنے والوں سے سوال ہے معیشت کی تباہی کا کون ذمے دار ہے، ہمارے دور میں تو مہنگائی کا نام لے کر بھرپور پروپیگنڈا کیا جاتا تھا، ہمارے دور میں 16فیصد تک مہنگائی تھی آج 32فیصد تک مہنگائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اگر پاکستان کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں تو انصاف کا بول بالا کرنا ہوگا: شاہ محمود قریشی

ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی سروے کے مطابق ہم معیشت اچھی لے کر جارہے تھے، اقتصادی سروے کے مطابق ہم نے اہداف سے زیادہ حاصل کیا، رپورٹ کے مطابق ہمارے دور میں معیشت کی گروتھ 6 فیصد پر جارہی تھی، ایکسپورٹ، زراعت، انڈسٹری اور روزگار میں ہماری حکومت نے ترقی کی، مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں بجلی کمپنیوں سے معاہدے کیے گئے، معاہدوں کے مطابق ہم بجلی استعمال کریں یا نہ کریں پیسے دینے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے تھے شہباز شریف سے قابل آدمی کوئی نہیں، یہ باہر بھاگنے والے اسحاق ڈار کو بھی واپس لے کر آئے، 6 ماہ پہلے کہا تھا پاکستان ڈیفالٹ کرگیا تو کون بیل آؤٹ کرے گا، خدشات کا اظہار کرنے پر کہا گیا میرے خلاف غداری کے مقدمے بنائیں، میں نے کہا تھا بیل آؤٹ کی آڑ میں ہم سے بھاری قیمت وصول کی جائے گی، میں نے کہا تھا بیل آؤٹ کی آڑ میں ہمارے قومی اثاثے پر معاہدہ کیا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے تھا کہ نواز شریف کو پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اسحاق ڈار نے کہا موڈیز کو ٹھیک کروں گا اب غائب ہوگیا ہے، دو ڈاکو خاندانوں کے دور میں بھارت پاکستان سے آگے نکل گیا، نواز شریف نے لندن کے مہنگے علاقے میں 4 فلیٹ خریدے، نواز شریف تو موقع ملتے ہی بیرون ملک بھاگ جاتا ہے، نواز شریف نے جائیداد باہر رکھی ہوئی ہے، بیٹوں کو برطانوی شہری بنادیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹر اعظم سواتی کو ٹوئٹ پر گھر سے اٹھایا جاتا ہے، اعظم سواتی کے گھر میں گھس کر فیملی کے سامنے مارا جاتا ہے، ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ پر حملہ ہوا، پنجاب میں پولیس ہمارے ماتحت ہے لیکن ایف آئی آر نہیں ہوتی، چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں آپ کے پاس 3لینڈ مارک کیسز ہیں، صحافی ارشد شریف کو دھمکیاں دی گئیں، مقدمات درج کرائے گئے، صحافی ارشد شریف کو ملک سے بھگایا گیا اور پھر بیرون ملک قتل کرایا گیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top