جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پرچی پر آئے چیئرمین نوجوانوں کو بھی پرچی پاس بنانا چاہتے ہیں : حلیم عادل شیخ

08 جولائی, 2021 10:22

کراچی : حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم سندھ کو عہدے سے ہٹا جائے، پرچی پر آئے چیئرمین سندھ کے نوجوانوں کو بھی پرچی پاس بنانا چاہتے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے سندھ میں میٹرک امتحانات میں نقل پر وزیر تعلیم سندھ اور مشیر بورڈ یونیورسٹیز کو فوری عہدوں سے ہٹانے اور پرچے آؤٹ ہونے کے معاملے پر اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کردیا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے جاری بیان میں کہا کہ تمام امتحانی سینٹرز اور پرچہ تقسیم کا عمل رینجرز کے حوالے کیا جائے۔ نوجوان نسل کی حوصلہ شکنی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ صورتحال سے ثابت ہوگیا کہ وزیرتعلیم ابھی زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرچی پر آئے چیئرمین سندھ کے نوجوانوں کو بھی پرچی پاس بنانا چاہتے ہیں۔ وزیرتعلیم اور مشیر کو ہنگامی بنیادوں پر گراؤنڈ پر موجود ہونا چاہیے تھا۔ لیکن دونوں ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر بھاگ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ کے کئی شہروں میں دہم جماعت کا کیمسٹری کا پرچہ آؤٹ، کھلے عام نقل

ان کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم سندھ کشمیر الیکشن میں بروکری کررہے ہیں، وہ تعلیم کا بجٹ ٹھکانے لگانے کے جتن میں مصروف ہیں۔ ڈیکوریشن کی کرسیاں اور سامان منگواکر کرپشن کا نیا باب بنایا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیر تعلیم اپنے محکمے کے سوا ہر مسئلے پر روز پریس کانفرنس کررہے ہوتے ہیں اور سندھ کی بجاء کشمیر الیکشن میں چیئرمین کے پیچھے پرچیاں پکڑ کر کھڑے ہیں۔ سندھ حکومت کا نام لینا بھی اب شرمندگی کا باعث بن چکا ہے۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پی پی نے سندھ کو ہر طرح سے برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ سندھ کے بچوں کا مستقبل تباہ ہونے نہیں دیں گے۔ امتحانی مراکز میں رینجرز مقرر کی جائے۔ وفاقی حکومت سندھ کے ابتر حالات پر اپنا کردار ادا کرے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top