جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سندھ حکومت گیس میٹر رینٹ میں اضافے پر وفاق سے ناراض، نظرثانی کا مطالبہ

05 مئی, 2023 14:43

کراچی : سندھ حکومت نے گیس میٹر رینٹ میں اضافے پر وفاق سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نظر ثانی کا مطالبہ کردیا ہے۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے وفاقی وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک کو مراسلہ لکھا ہے، جس میں کہا گیا کہ گیس میٹر رینٹ چارجز میں حد سے زیادہ اضافہ تشویش ناک ہے۔ اوگرا کے چھتری تلے ایس ایس جی سی عوام سے میٹر کرایہ حد سے زیادہ وصول کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں گھریلوں صارفین کے لیے گیس کے بل کی اداٸیگی انتہائی مشکل ہوچکی ہے۔ گیس کے بلوں میں اضافے کا کوئی بھی اقدام عام آدمی کی پریشانیوں میں مذید اضافہ کردے گا۔ ایس ایس جی سی ایل کی کارروائی معاشرے کے بڑے طبقے کی حالات زندگی کو مزید بگاڑ دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ وفاقی حکومت کو ریگولیٹری اداروں میں نماٸندگی کے لیے متعدد بار باور کراچکی ہے۔ جس میں ایس ایس جی سی میں نماٸندگی کو اجاگر کیا گیا ہے۔ وفاقی ریگولیٹری اداروں میں سندھ کی نماٸندگی کا فقدان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ میں دہشتگردوں کیخلاف گھیرا تنگ، پولیس کا داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی کا فیصلہ

وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ صوبے کی گیس کی تقسیم متعلقہ کمپنی کو کرنی ہوتی ہے۔ افسوس کے ساتھ سابقہ تمام مراسلات کا وفاقی حکومت کی جانب سے آج تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ پاکستان میں قدرتی گیس پیدا کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ جس کا حصہ ملک کی کل پیداوار کا 63 فیصد ہے۔ سندھ کی گیس پیداوار کی بنا پر آٸین کا آرٹیکل 158 اس کے استعمال کے ناقابل تنسیخ حق کا تحفظ کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 158 دوسرے صوبوں کے مقابلے میں سندھ کے زیادہ ملکیتی حقوق فراہم کرتا ہے، جس پر عملدرآمد کا نہ ہونا صوبے میں احساس محرومی کا باعث بن رہا ہے۔ وفاقی حکومت سے درخواست ہے کہ میٹر رینٹ چارجز کے اضافے پر نظرثانی کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا مطالبہ ہے کہ مستقبل میں گیس کی قیمتوں کا طریقہ کار وضع کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے؛ تاکہ عوام کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے غیرمناسب قیمتوں کے تعین کے خوف کو ختم کیا جاسکے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top