جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع

10 اپریل, 2023 11:44

اسلام آباد : پی ٹی آئی وائس چیئرمین کا کہنا ہے کہ میں جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھا، عدالت نے عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کردی۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت اسلام آباد میں دفعہ 144 کی خلاف وزری پر شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ کھنہ میں دو درج مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اپنے وکیل علی بخاری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے کارکنان کو احتجاج کا حکم دیا اور کارکنان نے آگے پیغام پہنچایا۔

جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا شاہ محمود قریشی کو کیسز سے ڈسچارج کرنا ہے؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ ایماء کی دفعات کی حد تک شاہ محمود قریشی کو کیس میں نامزد رکھنا ہے۔

جج نے کہا کہ پراسیکیوشن سے پوچھ لیں کہ اللہ کے علاوہ اور کون گواہ ہے؟ سابق وزیرخارجہ کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہوا ہے، وجہ تو بتائیں۔

شاہ محمود قریشی نے عدالت میں کہا کہ میں جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھا۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ کیا معلوم آپ کی روح جائے وقوعہ پر موجود ہو۔ جس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

یہ بھی پڑھیں : مڈل ایسٹ کے ایک سربراہ نے مجھے میرے خلاف سازش سے متعلق بتایا: عمران خان

شاہ محمود قریشی مزید کہا کہ ماہ رمضان ہے، روزے کی حالت میں ہوں، پراسیکیوشن جھوٹ کہہ رہی ہے۔ میں نے کسی کو کبھی اکسایا، نہ 40 سال میں ایسا کوئی حکم دیا۔ پراسیکیوشن حلف لے کر کہے کہ مجھ پر الزام سچ لگا رہے ہیں، میں عدالت کا حکم ماننے کے لیے تیار ہوں۔

جج نے استفسار کیا کہ شاہ محمود اور عمران خان کے حکم پر پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیا تو کیا کوئی ثبوت ہے؟ کیا آپ کو یقین ہے کہ ایس ایچ او کی موجودگی میں شاہ محمود اور عمران خان نے کارکنان کو حکم دیا؟

پراسیکیوٹر نے کہا کہ قانون کے مطابق ایسے کیسز میں حلف پر بیان نہیں لیا جاسکتا۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف کیسز میں آئندہ سماعت ایک ہی تاریخ پر رکھیں گے۔ وکیل نے کہا کہ شاہ محمود قریشی تفتیش میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کی دونوں کیسز میں عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کردی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top