جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

5 سال میں تنخواہیں ڈبل کردیں گے، بلاول بھٹو کا 10 نکاتی منشور کا اعلان

27 دسمبر, 2023 18:27

گھڑی خدا بخش: بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ آج بھی کچھ لوگ کسی اور کے کندھوں پر سیاست کی کوشش کررہے ہیں، ہم وہ نہیں جو مخالف کے کاغذات نامزدگی چھینتے ہیں، اتحادیوں کی نہ دہشتگردی، نہ معیشت نہ جمہوریت میں دلچسپی دیکھی، پرانی سیاسی جماعتیں اور سیاستدان پرانی سیاست کرتے ہیں۔

شہید بینظیر بھٹو کی 16 ویں برسی پر پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کچھ قوتوں نے سوچا بینظیر بھٹو کو شہید کرکے پیپلزپارٹی کو ختم کردیں گے، آج ہم بینظیر بھٹو شہید کی 16 ویں برسی منارہے ہیں، 16 سال بعد بھی پیپلزپارٹی قائم ہے، تم کتنے بھٹو مارو گے ہر گھر سے بھٹو نکلے گا، پورے ملک کو ایک ہی پیغام بھیجتے ہیں زندہ ہے بی بی زندہ ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 16 سال پہلے کچھ قوتوں نے بی بی کو شہید کرکے سوچا پیپلزپارٹی کو ختم کرلیں گے، پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو بچاسکتی ہے، اس ملک کو صرف بینظیر کی پیپلزپارٹی ہی بچاسکتی ہے، 18 ویں ترمیم کی صورت میں 1973 کا آئین بحال کیا، بینظیر بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے آئین کی بحالی کیلئے جدوجہد کی، بی بی شہید کا خواب تھا کہ صوبوں کو طاقتور بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ بے روزگاری اور غربت سے ہے، آصف زرداری نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، آج پاکستان کے عوام تکلیف میں ہیں، وقت آگیا ہے کہ ایک بار پھر پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں، ہم وہ نہیں جو مخالف کے کاغذات نامزدگی چھینتے ہیں، مہنگائی، غربت اور بیروزگاری تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، ہم الیکشن سے ڈرنے والے نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے ہیں، ہم ان میں سے نہیں جو الیکشن سے بھاگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر منہ توڑ جواب دیں گے، باقی سیاسی جماعتوں کو پیغام ہے، آئیں اور الیکشن لڑیں، یہ ہمارا مطالبہ تھا الیکشن کراؤ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، آج بھی کچھ لوگ کسی اور کے کندھوں پر سیاست کی کوشش کررہے ہیں، ان کو بتانا چاہتا ہوں قائد عوام نے بتایا طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ملک کو مسائل سے صرف عوامی راج ہی نکال سکتا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، پیپلزپارٹی کا مقابلہ مہنگائی اور بے روزگاری سے ہے، اقتدار میں آکر عوام کے مسائل کو کم کریں گے، پیپلزپارٹی نفرت کی سیاست کو دفن کرکے الیکشن میں جائے گی، ہم مخالفین سے فارم چھیننے والے نہیں بلکہ مقابلہ کرنے والے ہیں، سلیکٹڈ حکومت کا اس لیے مقابلہ کیا کیونکہ ہم نے جمہوریت کو بحال کرنا تھا، ہم نے آئینی طریقے سے بانی پی ٹی آئی کی حکومت کو ہٹایا، اتحادیوں کی نہ دہشتگردی، نہ معیشت نہ جمہوریت میں دلچسپی دیکھی، پرانی سیاسی جماعتیں اور سیاستدان پرانی سیاست کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کامیاب ہوکر عوام دوست حکومت بنائے گی، مخالفین آج بھی تقسیم اور نفرت کی سیاست کررہے ہیں، ایک جیل سے نکلنے، دوسرا جیل سے بچنے کی کوشش کررہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے 10 نکاتی منشور کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ حکومت میں آکر 5 سال میں تنخواہیں ڈبل کردیں گے، حکومت میں آئے تو 300یونٹ تک بجلی مفت دیں گے، گرین سولر پارکس کے ذریعے سستی بجلی فراہم کریں گے، حکومت میں آکر ہر بچے تک تعلیم کی رسائی یقینی بنائیں گے، کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، مستحق لوگوں کو 30 لاکھ مکان بناکر دیں گے، ملک کے تمام اضلاع میں مفت صحت کا نظام دیں گے، اپنے مزدوروں سے وعدہ کرتے ہیں بینظیر کارڈ بنائیں گے، نوجوانوں کی یوتھ کارڈ کے ذریعے مدد کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ووٹرز کو پیغام ہے تیاری پکڑو دمادم مست قلندر ہوگا، وعدہ کریں آپسی اختلافات بھول کر ایک ہوکر میری طاقت بنیں گے، میری طاقت بنیں تاکہ میں کامیاب ہوکر آپ کے مسائل حل کرسکوں، مجھے اکثریت چاہیئے، 100 سے زائد نشستیں جتوانی ہیں، پیپلزپارٹی ان شاء اللہ بلوچستان کی ترقی کرکے دکھائے گی، خیبرپختونخوا کے عوام نے سلیکٹڈ حکومت اور دہشتگردی کا مقابلہ کیا، اب پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کو سنبھالے گی اور دہشتگردی کاخاتمہ کرے گی، خیبرپختونخوا میں ترقی ہوگی تو پورا ملک ترقی کرے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top