جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیاء میں امن اور استحکام کو یقینی بنائے گا : علی امین گنڈاپور

05 اگست, 2021 09:23

اسلام آباد : علی امین خان گنڈاپور کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیاء میں دیر پا امن اور استحکام کو یقینی بنائے گا۔

وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے جاری پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019ء کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو دوسال مکمل ہو چکے ہیں۔ بھارت نے سلامتی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی افواج کشمیریوں کا محاصرہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کشمیریوں کی اپنے حقوق کے لیے ڈٹ جانے کی ایک عظیم تاریخ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور نام نہاد سرچ آپریشنز بغیر کسی روک ٹوک کے جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور کشمیر مل کر 5 اگست کے بھارتی اقدام کو واپس کرائیں گے : فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر جنوری 1948 ء سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر سے متعلق دُنیا کی آگاہی میں اضافہ ہوا ہے۔ بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں، پارلیمنٹس نے ابتر انسانی حقوق کے حالات کو اُجاگر کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کا جاری محاصرہ فوری ختم کرے۔ بھارت کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں کل جماعتی حریت کانفرنس رہنماؤں کو آزاد کرے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیاء میں دیر پا امن اور استحکام کو یقینی بنائے گا۔ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top