جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پی سی بی کا قومی کرکٹرز کیلئے 3 سالہ سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان

27 ستمبر, 2023 18:46

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کیلئے 3 سالہ سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کے مطابق تین سال کے کنٹریکٹ کے لیے کامیابی کے ساتھ تمام معاملات طے پاگئے، سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2026 تک ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹرکٹ دینے کا اعلان کیا ہے، معاہدے میں آئی سی سی ریونیو کا حصہ بھی شامل ہے جبکہ ریڈ بال اور وائٹ بال کے کنٹریکٹس کو اکٹھا کر دیا گیا ہے، اس کا فیصلہ کنٹریکٹ کمیٹی کی تجویز پر کیا گیا ہے۔

کنٹریکٹ کے مطابق اے کیٹگری کے کھلاڑیوں کے معاوضے میں 202 فیصد سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ بی کیٹگری کے کھلاڑیوں کے معاوضے میں 144 فیصد سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ کیٹیگری سی میں 2 کرکٹرز شامل ہیں جن کے معاوضوں میں 135 فیصد اضافہ ہوا ہے اور کیٹیگری ڈی میں 14 کرکٹرز شامل ہیں جن کے معاوضے میں 127 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ سے ڈراپ ہونے والے کرکٹرز میں اظہر علی، فواد عالم، نعمان علی، عابد علی ، یاسر شاہ، آصف علی، حیدر علی، خوشدل شاہ، عثمان قادر اور زاہد محمود شامل ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں ایمرجنگ کیٹگری میں شامل سلمان علی آغا اور محمد حارث کی ترقی ملی ہے جبکہ ایمرجنگ کیٹگری کو ختم کر دیا گیا ہے۔

اے کیٹگری میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی شامل ہیں۔

بی کیٹگری میں فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، نسیم شاہ، شاداب خان اور محمد نواز شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ: بھارت روانگی سے قبل بابر اعظم نے کس چیز کی درخواست کی

سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹیگری میں عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔

ڈی کیٹیگری میں فہیم اشرف، حسن علی، افتخار احمد، احسان اللہ، محمد حارث، وسیم جونیئر، صائم ایوب، سرفراز احمد، سلمان آغا، سعود شکیل، شاہنواز داھانی، شان مسعود ، اسامہ میر اور زمان خان کو رکھا گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد، ون ڈے میں 25 فیصد اور ٹی ٹوئنٹی میں ساڑھے 12 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو دو غیر ملکی لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر 50 فیصد انٹرنیشنل میچ فیس ملے گی۔

پی سی بی کے مطابق تین سالہ کنٹریکٹ کے دوران ہر 12 مہینے کے بعد کھلاڑیوں کی پر فارمنس کا جائزہ لیا جائے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top