جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پاکستان کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ آسٹریلیا آرہی ہے: عثمان خواجہ

30 نومبر, 2023 14:32

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بیٹر عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ ماضی کی ٹیموں کو دیکھ کر مجھے لگتا ہے کہ یہ پاکستان کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ آسٹریلیا آرہی ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 14 دسمبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم کے بارے میں گفتگو کی۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ یہ بیٹنگ کمبی نیشن سب سے زیادہ زبردست ہے جس کا انہوں نے پاکستان سے مشاہدہ کیا ہے، پاکستان دنیا کی بہتر ٹیموں میں سے ایک ہے، ان کے پاس اچھی بیٹنگ ہے اور اس کے پاس ہمیشہ بہترین فاسٹ باؤلرز ہوتے ہیں، ماضی کی ٹیموں کو دیکھ کر مجھے لگتا ہے کہ یہ پاکستان کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ آسٹریلیا آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے جبکہ امام الحق اور عبداللہ شفیق نے بھی بہت زیادہ رنز بنائے ہیں لہٰذا میں اس چیلنج کو لے کر بہت پرجوش ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کی کنڈیشنز چیلنجنگ ہیں، پرفارم کرنے کیلئے تیار ہیں: محمد حفیظ

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم تینوں فارمیٹس کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں اور اسٹیو اسمتھ ہمارے بہترین بیٹر ہیں، جب وہ دونوں یہاں سیریز کھیلیں گے تو یہ دلچسپ ہوگا، بابر کے بارے میں ایک بڑی بات یہ ہے کہ وہ صرف پاکستان میں ہی رنز نہیں بناتا بلکہ وہ بیرون ملک بھی رنز بناتا ہے، ماضی میں اس نے یہاں سنچری بنائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ آسٹریلیا کیلئے پاکستان کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان، حارث رؤف دستبردار

آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں شاہین شاہ اور مچل اسٹارک دونوں بہت تیز باؤلر ہیں اور دونوں 145 تک باؤلنگ کر سکتے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ اسٹارک نئی گیند کو سوئنگ کر سکتے ہیں جبکہ شاہین کی کلائی بہت اچھی ہے اور وہ یقینی طور پر گیند کو سوئنگ کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا سے سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن میں ہوگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top