جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سوشل میڈیا کا بے قابو جن

06 ستمبر, 2021 15:45

سوشل میڈیا کا دور دورہ ہےجس کا جو دل چاہتا ہے لکھ دیتا ہے، جس کا جو دل چاہتا ہے وہ پوسٹ کردیتا ہے جس کا جو دل چاہتا ہے وہ شئیر کردیتا ہے۔ سوشل میڈیا نے لوگوں کو ایک جانب آزادی تو دی مگر دوسری جانب اس مادر پد ر آزادی نے معاشرے میں عجیب قسم کی ہنگامی صورتحال پیدا کردی ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہر قسم ، مختلف سوچ و فکر، مختلف علم و تربیت، مختلف زبان و بولی بولنےوالے کڑوڑوں افراد موجودہیں جو اپنے فکری معیار کے مطابق سوشل میڈیا پہ اپنی پسندیدہ چیزیں پوسٹ کرتے ہیں۔

 

سوشل میڈیا نے معاشرے پرگہرا اثر ڈالا ہے بالخصوص پاکستانی معاشرے میں ۔لیکن پاکستانی معاشرے میں سوشل میڈیا نے مختلف قسم کا بگاڑ پیدا کیا ہے اور اس بگاڑ نے ہر قسم کا لحاظ و مروت ختم کرکے رکھ دیا ہے۔

 

یہ پڑھیں : دل دہلا دینے والی خبروں کی تکرار

 

پاکستانی معاشرے میں دن بہ دن ہیجانی کیفیت پیدا ہوتی جارہی ہے ۔ وہ معاشرہ جو چند دہائیوں پہلے بہت پُر سکون اور احترام والا معاشرہ تھا وہ اب بےسکون اور بے احترامی والا معاشرہ بن گیا ہےاور اس کی سب سے بڑی وجہ سوشل میڈیا ہے۔

 

سوشل میڈیا کا استعمال پاکستان میں بہت زیادہ بڑھ گیا ہے اور اس سوشل میڈیا کے میدان میں 10 سال کی عمرسے لے کر 70 سال کی عمر تک کے افراد موجودہیں۔

 

سوشل میڈیا کا کیسے استعمال کرنا ہے کسی کو نہیں معلوم، اکثریت کا مقصد فقط ویڈیو شئیرکرنا ہوتا ہے جس میں اکثر جھوٹی اور بے بنیاد ہوتی ہیں۔ اس کی وجہ سے کڑوڑوں پاکستانی اپنا قیمتی وقت روزانہ ضائع کرتے ہیں اور کچھ حاصل حصول نہیں ہوتا۔ پاکستان میں سوشل میڈیا کا استعمال جتنا غلط ہوتا ہے شاید ہی دنیا کے کسی دوسرے ملک میں ہوتا ہو۔

 

Pakistan Social Media Users Crossed 44 million in 2016-2017 - PhoneWorld

 

یہ ہی نہیں سوشل میڈیا پر ہر ہفتے کئی اسٹوریز گردش کرتی ہیں جس میں تمام پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور باقاعدہ کئی کئی دنوںاس واقعہ کو لے کر پوسٹ در پوسٹ کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

 

مثبت خبریں بھی آتی ہیں لیکن اکثریت کو اس سے دلچسپی نہیں ہوتی کیونکہ اس خبر میں کوئی مثبت اور نتیجہ خیز بات ہوتی ہے اس وجہ سےاچھی اور مثبت خبریں تھوڑی ہی دیر میں منظر سے غائب ہوجاتی ہے۔

 

پاکستان کے سوشل میڈیا پر مثبت کے بجائے منفی فکر زیادہ پائی جاتی ہے ۔ غور کیجئے نفرت، مسلک پرستی ،لسانیت پسندی، فرقہ وارانہ باتیں،کافر اور غدار کی راگ، جھوٹ پر مبنی باتوں کا لامتناہی سلسلہ ہے جو پاکستان کی سوشل میڈیا کی زینت بن چکا ہے۔

 

یہ پڑھیں : زندگی کو پرسکون بنانے کا آسان طریقہ 

 

ہم نے بڑوں کا احترام بھلادیا ہے ، ہم نے چھوٹوں پر شفقت کرنا چھوڑ دیا ہے، ہم نے استاد کو عزت دینا چھوڑ دی ہے، ہم نےمحلے کے بزرگوں کو سلام کرنا چھوڑدیا ہے۔ ہم نے 6، 7 انچ کی اسکرین کو اپنا اوڑنا بچھونا بنالیا ہے ۔

 

ہمیں بچپن میں ایک سبق یاد کروایا گیا تھا کہ ہر چیز اعتدال میں اچھی لگتی ہے اور کسی بھی چیز کی زیادتی بگاڑ کا باعث بنتی ہے ،ہمارے سماج میں سوشل میڈیا کے استعمال کی زیادتی نےہمارے معاشرے کو بگاڑ دیا ہے۔

 

نوٹ : جی ٹی وی نیٹ ورک اور اس کی پالیسی کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

[simple-author-box]

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top