جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ہمارا صبر اب ختم، دیوار سے مت لگاؤ، حالات کنٹرول میں نہیں ہوں گے : مصطفیٰ کمال

06 جولائی, 2022 13:32

کراچی : پی ایس پی سربراہ کا کہنا ہے کہ ہم کو دیوار سے مت لگاؤ، ہم پر جنگ مسلط مت کرو۔ پھر حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوں گے، میں اعلان کرتا ہوں ہمارا صبر اب ختم، تم ایک پر ڈنڈا برساؤ گے، جواب میں دس ڈنڈے پڑیں گے۔

چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم آج پاکستان کی ریاست چلانے والے اداروں سے مخاطب ہیں وہ ہماری بات غور سے سنیں کیونکہ اس شہر اور صوبہ میں امن و امان قائم ہونے میں ہمارا مرکزی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ لانڈھی کے ضمنی الیکشن میں بدترین دہشت گردی ہوئی، ہمارے مرکزی رہنماؤں اور متعدد کارکنان پر گولیاں برسائی گئیں۔ میرے اور انیس قائم خانی پر جان لیوا حملہ ہوا۔ سندھ پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی، بلکہ ہمارے 16 کارکنان کو دہشت گردی کی دفعات کے تحت گرفتار کرلیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ یہ کونسی سیاست ہے؟ یہ کونسی پولیس ہے؟ میرے خلاف ایس پی کورنگی فیصل بشیر میمن نے جھوٹی ایف آئی آر درج کرائی کہ مصطفیٰ کمال نے چار سو افراد کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن میں داخل ہو کر پولنگ میں مداخلت کی۔

پی ایس پی چیئرمین نے مزید کہا کہ میرا سندھ پولیس سے مطالبہ ہے کہ کوئی ویڈیو یا ثبوت لا دو، میں سر تسلیم خم کروں گا۔ کل میرے تین معصوم کارکنان کو کورنگی میں غائب کردیا گیا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ میں اعلان کرتا ہوں ہمارا صبر اب ختم، سندھ پولیس نے اگلے 12 گھنٹوں میں ہمارے یہ تین کارکنان رہا نہیں کئیے تو ہم کل کراچی میں جگہ جگہ بھرپور احتجاج کرینگے اور حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ کے بلدیاتی اور این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں فوج کی ضرورت ہوگی : الیکشن کمشنر

انہوں نے کہا کہ ریاست چلانے والوں نے سندھ میں پی پی کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے، انہوں نے بربریت اور بدعنوانیوں کی انتہاء کردی ہے۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ایک ذاتی ملازم ایس پی جو اعلیٰ افسران اور حکومت کی ارکان کو شراب نوشی کی دعوت منقعد کرتا ہے، وہ بدکردار مجھ پر جھوٹی ایف آئی آر درج کرتا ہے اور ایڈیشنل آئی جی اس کی سر پرستی کرتا ہے۔ جھوٹ بولنے والوں پر خدا کی لعنت ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کو دیوار سے مت لگاؤ، ہم پر جنگ مسلط مت کرو۔ پھر حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوں گے۔ ایم کیو ایم والے صرف اور صرف لعنت کے مستحق ہیں، مہاجر مہاجر کا نعرہ لگاتے ہو، بے شرموں میرے جن کارکنان اور عہدیداران کو گولیاں لگیں، وہ سب مہاجر ہیں۔

پی ایس پی سربراہ نے الزمات لگایا کہ تم پولیس کی گاڑیوں میں بیٹھ کر ان کی مخبری کرتے ہو اور ان کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کراتے ہوں۔ کل سندھ پولیس نے کورنگی میں جگہ جگہ ہمارے کارکنان کے گھر پر چھاپے مارے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ خدارا ریاست پاکستان ملک میں فوری انتخابات کرائیں جائیں تاکہ عوام میں انارکی نہ پھیلے۔ میں نے اور میرے کارکنان نے اس شہر میں بڑی قربانیاں دے کر امن کیا ہے اور بدلے میں ہم پر آپریشن کیا جائے گا، تو ہم پھول نچھاور نہیں کرینگے، جواب بھرپور دیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ میں کل سڑکوں پر ہوں گا، تم ایک کارکن پکڑو گے میں سو اور سڑکوں پر لاؤں گا، تم ایک پر ڈنڈا برساؤ گے، جواب میں دس ڈنڈے پڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شہر میں پولیس افسر وردی پہنتے ہوئے ڈرتے تھے، آج سب نوکری کے مزے لے رہے اور حرام کھاتے ہیں۔ مت بھولیں کہیں وہ وقت دوبارہ نہ آجائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top