جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اب اس ایوان کو فیصلہ کرنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو رقم فراہم کریں یا نہ کریں : اسحاق ڈار

10 اپریل, 2023 14:23

اسلام آباد : وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ اس ایوان کو فیصلہ کرنا ہے کہ پنجاب انتخابات کے لیئے 21 ارب روپے کی یہ رقم الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائے یا نہیں۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی اجلاس میں الیکشن چارجڈ اخراجات بل 2023 کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک سلیکٹڈ کے لیے ملکی معاشی صورتحال کو شدید دھچکا پہنچایا گیا۔ ایک سال پہلے جب سلیکٹڈ حکومت کو نکالا گیا تو ہمیں تباہ شدہ معیشیت ورثے میں ملی۔

انہوں نے کہا کہ معیشیت تباہی کے دہانے پر تھی۔ ہمارے پیش رو نے معہشیت کو تباہ و برباد کر دیا۔ ہمارا پہلا چیلنج ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا۔ اگلا مرحلہ ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے۔ سازشی عناصر اب بھی ملک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ملک کو دیوالیہ نہیں کر سکے تو انہوں نے ملک میں آئینی بحران پیدا کر دیا۔ ایسے لوگ ملک کے رہنماء کہلانے کے مستحق نہیں، جو ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ واحد حکومت تھی، جس نے 2013 سے 2016 پروگرام کو مکمل کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نہ صرف آئی ایم ایف معاہدے پر عمل نہیں کیا بلکہ اس کی خلاف ورزی بھی کی۔ اس اقدام سے ملک کی ساکھ مجروح ہوئی۔ ہم نے سخت فیصلے کیے ورنہ ملک دیوالیہ ہو جاتا۔ ہم نے ان اقدامات کا سیاسی نقصان اٹھایا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اب ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول ایگریمنٹ جلد سائن ہو جائے گا۔ آج کی خراب معاشی صورتحال کی ذمہ دار صرف اور صرف پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے 16 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ خوراک کی قیمت میں 14 اعشاریہ فی فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء پر 23 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سینیٹ اور قومی اسمبلی میں الیکشن چارجڈ اخراجات بل 2023 بل پیش

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اقدمات کے سبب کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں ستر فیصد کمی ہوئی ہے۔ موجودہ مخلوط حکومت کے مشکل فیصلوں سے ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ عمران نیازی کے چار سالوں میں گردشی قرضے میں ایک ہزار 319 ارب کا اضافہ ہوا۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ عمران نیازی نے چار سال میں بیرونی قرضے میں 76 فیصد اضافہ کیا۔ ہم نے ایک سال میں 12 ارب ڈالر کے قرضے واپس کیے ہیں۔ زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ساٹھ کروڑ ڈالر ہیں۔ حکومت نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر کیے ہیں، جس سے معاشی بحالی میں مدد ملے گی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مالیاتی نظم و ضبط کے لیے اخراجات میں کمی کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی ملک میں آئینی بحران پیدا کر چکی ہے۔ صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا سبب ملک میں افراتفری اور بحران پھیلانا تھا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کابینہ نے اس ایوان کی سپیرم کورٹ کے حوالے سے منظور شدہ قرارداد کی روشنی میں الیکشن اخراجات بل قومی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب اس ایوان کو فیصلہ کرنا ہے کہ یہ رقم الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائے یا نہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top